دہلی:۔ یوپی اسمبلی انتخابات 2022 سے قبل یوگی حکومت سے استعفیٰ دینے والے سوامی پرساد موریہ نے بی جے پی میں واپسی کے امکان کو پوری طرح سے مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بی جے پی کو ٹھوکر ماری ہے، دوبارہ واپس جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اکھلیش یادو کے سماج وادی پارٹی (ایس پی) میں شامل ہونے کی قیاس آرائیوں کے درمیان سوامی پرساد موریہ نے کہا کہ میں حامیوں سے بات کروں گا اور 14 تاریخ کو اپنے منصوبے کے بارے میں بتاؤں گا۔کابینہ سے استعفیٰ دینے کے ایک دن بعد بدھ کو سوامی پرساد موریہ نے کہاکہ میں نے ابھی وزارتی عہدہ چھوڑا ہے۔ میں جلد ہی بی جے پی چھوڑ دوں گا۔ اکھلیش یادو نے مجھے مبارکباد دی ہے۔ فی الحال میں ایس پی میں نہیں جا رہا ہوں۔ میں آج اور کل اپنے لوگوں سے بات کروں گا، 14 تاریخ کو بتاؤں گا کہ میں سیاسی طور پر کیا کروں گا۔ موریہ نے کہا کہ میں نے بی جے پی کو
نشانہ بنایا ہے، پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔وزیر کا عہدہ چھوڑنے والے سوامی پرساد موریہ نے کہا کہ میرے جانے سے بی جے پی میں بھونچال آگیا ہے۔ کیشو پرساد موریہ جی کو مجھے راضی کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ کیشو موریہ میرا چھوٹا بھائی ہے، لیکن 5 سال سے وہ بھی بے چارے ہی ہیں۔ وزرا بھی میرے ساتھ آئیں گے اور ایم ایل اے بھی میرے ساتھ آئیں گے۔ میں میرا جو بھی فیصلہ ہوگا اور کون میرے ساتھ آئے گا میں14 تاریخ کو بتائوں گا۔ میری بیٹی سنگھ مترا موریہ بدایوں سے ایم پی ہیں وہ اپنا فیصلہ خود لیں گی۔موریہ سمیت تین اور ایم ایل اے نے بھی بی جے پی چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ ان میں باندہ ضلع کی تندواری اسمبلی سیٹ سے ایم ایل اے برجیش کمار پرجاپتی، شاہجہاں پور ضلع کی تلہار اسمبلی سیٹ سے ایم ایل اے روشن لال ورما اور کانپور دیہات کی بلہور سیٹ سے ایم ایل اے بھگوتی ساگر شامل ہیں۔
