بنگلورو:۔کرناٹک کے کانگریس کے سینئرلیڈران میں شمار ہونے والے سی ایم ابراہیم جلدہی کانگریس پارٹی کو گوڈ بائے کہنے والے ہیں،جبکہ جے ڈی ایس پارٹی میں ان کو ویلکم کرنے کیلئے جے ڈی ایس کے ریاستی صدر کمارسوامی بے قرار دکھائی دے رہے ہیں۔گذشتہ دنوں سی ایم ابراہیم نے لجسلیٹیو کائونسل میں اپوزیشن لیڈرکا عہدہ دینے کیلئے سابق وزیر اعلیٰ سدرامیا،کے پی سی سی صدر ڈی کے شیوکمار،اے آئی سی سی کے ریاستی کانگریس کے نگران سرجے والااور سونیا گاندھی سےمطالبہ کیاتھا،لیکن ان کے مطالبےکو کے پی سی سی نے سرے سے خارج کرتے ہوئے ڈی کے ہری پرساد کو اپوزیشن لیڈربنادیاہے،اس بات سے ناراض ہوکر سی ایم ابراہیم نے کانگریس کو چھوڑنے کا فیصلہ کیاہے۔انہوں نے آج اس سلسلے میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ میں مطمئن ہوں کہ سونیا گاندھی نے مجھ پر سے ذمہ داری کابوجھ کم کردیاہےاور میں اب اپنافیصلہ خود کرسکتاہوں۔جلدہی میرے دوست واحباب اور خیرخواہوں کے ساتھ مل کراگلے سیاسی سفر کا فیصلہ کرونگا۔انہوں نے کہاکہ سدرامیا کیلئے میں نے دیوے گوڈا جیسے لیڈرکی سرپرستی کو چھوڑ دیاتھا،اب سدرامیانے میراساتھ چھوڑکر مجھے اپوزیشن لیڈرکے عہدے سےدور کررکھاہے۔دریں اثناء جے ڈی ایس لیڈرکمارسوامی نے کہاکہ اگر سی ایم ابراہیم کانگریس کو چھوڑکر دوبارہ جے ڈی ایس میں شامل ہوتے ہیں تو ہم ان کا استقبال کرینگے۔سی ایم ابراہیم نے پہلےہی دیوے گوڈاسے اس سلسلے میں تبادلہ خیال کیاہے۔ہمیں خوشی ہوگی کہ سی ایم ابراہیم ہماری پارٹی میں شامل ہوکر سیکولر بنیادوں کو مضبوط کرینگے۔
