شیموگہ:۔موجودہ ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کومکمل کرنے کیلئے میں ترجیح دونگا،میرے سامنے جو پروجیکٹس موجودہیں،اُن کی تکمیل کیلئے تمام ضلع کے افسروں کو ساتھ لیکر کام کرونگا۔اس بات کااظہار شیموگہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سلوامنی نے کیاہے۔انہوں نے آج شیموگہ پریس ٹرسٹ کے روبرو ہوتے ہوئے کہاکہ شیموگہ ضلع ریاست کیلئے تاج کے ہیرے کی مانند ہے اور یہاں کام کرنے میں مجھے خوشی محسوس ہورہی ہے،عوامی سطح پر جو مسائل ہیں انہیں حل کرنے کیلئے میں کوشاں ہوں،اگر عوام کو کسی طرح کی پریشانی ہو تو وہ مجھے دفتر ی اوقات میں کبھی مل سکتے ہیں۔میں عام لوگوں کیلئے دستیاب نہ رہوں یہ بات مجھے بالکل بھی پسندنہیں ہے،میں بھی عام لوگوں کا ہی خادم ہوں۔حال ہی میں عہدہ سنبھالنے کے بعد ڈپٹی کمشنرنے آج پریس ٹرسٹ میں بتایاکہ شیموگہ ضلع میں بغیر حکم زمینوں کے معاملات زیر التواء ہیں،انہیں حل کرنے کیلئے ضلع کے تمام تحصیلداروں کوٹاسک دیاگیاہے،ہر ہفتے ایک یا دو تحصیلداروں کے ساتھ اس سلسلے میں تبادلہ خیال کرنے کے بعد مسائل کوحل کرنے کی کوشش کی جائیگی۔دیہی علاقوں کے اراضی دستاویزات کو ڈیجٹیلز کرنے کیلئے بھی پیش رفت کی جائیگی۔انہوں نے کہاکہ ایم پی ایم کو دوبارہ شروع کرنے کیلئےحکومت کاارادہ ہے اسی وجہ سےمجھے ایم پی ایم کے ایم ڈی کے عہدے پر بھی فائزکیاگیاہے اور میں کوشش کرونگاکہ ایم پی ایم کی بازآبادکاری ہو۔
