دہلی:۔آر ایس ایس کے مسلم ونگ نے کرناٹک کی طالبہ بی بی مسکان خان کی حمایت کی ہے۔ سنگھ نے کہا کہ حجاب یا ‘پردہ’ بھی ہندوستانی ثقافت کا حصہ ہے۔ آر ایس ایس کے مسلم ونگ مسلم راشٹریہ منچ نے بی بی مسکان کی حجاب پہننے کی درخواست کی حمایت کی ہے اور اس کے ارد گرد پھیلے بھگوا جنون کی مذمت کی ہے۔مسلم راشٹریہ منچ کے اودھ صوبے کے ڈائریکٹر انیل سنگھ نے کہا کہ وہ ہماری برادری کی بیٹی اور بہن ہیں۔ ہم مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مسلم راشٹریہ منچ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہندو کلچر خواتین کی عزت کرنا سکھاتا ہے اور جنہوں نے ‘جئے شری رام’ کا نعرہ لگایا اور لڑکی کو دہشت زدہ کرنے کی کوشش کی وہ غلط تھے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ لڑکیوں کو حجاب پہننے کی آئینی آزادی ہے۔ اگر اس نے کیمپس ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی کی تو ادارہ اس کے خلاف کارروائی کا حق رکھتا ہے۔ آر ایس ایس لیڈر نے کہا کہ لڑکوں کا زعفرانی دوپٹہ پہن کر ‘جے شری رام’ کا نعرہ لگانا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے ہندو کلچر کو بدنام کیا ہے۔سنگھ نے کہا کہ حجاب یا پردہ بھی ہندوستانی ثقافت کا حصہ ہے اور ہندو خواتین اپنی پسند کے مطابق نقاب پہنتی ہیں۔ اور یہی شرط بی بی مسکان پر بھی لاگو ہوتی ہے۔ سنگھ نے کہا کہ ہمارے سرسنگھ چالک نے کہا ہے کہ مسلمان ہمارے بھائی ہیں۔ میں ہندو برادری کے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مسلمانوں کو اپنا بھائی تسلیم کریں۔
