کرپٹو کرنسی پر ٹیکس کا مطلب اسے قانونی درجہ دینا ہے: کانگریس 

سلائیڈر نیشنل نیوز
 دہلی:۔ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے آج راجیہ سبھا میں عام بجٹ پر بحث کا تفصیلی جواب دیا۔ اس دوران وزیر خزانہ نے کانگریس پر طنز کیا کہ ہمارا امرت کال کانگریس کا راہو کال ہے۔ اس پر کانگریس ایم پی شکتی سنگھ گوہل نے جواب دیا کہ حکومت راہل گاندھی سے ڈرگئی ہے۔ وزیر خزانہ نے بوکھلاہٹ میں راہل گاندھی پر بیان دیا ہے۔ ہم نے بجٹ پر بحث میں یہ سوال اٹھایا کہ ہندوستان میں 27 کروڑ لوگ خط افلاس سے نیچے چلے گئے ہیں۔ معاشی بحران کی وجہ سے ہم نے کسانوں، بے روزگاری اور کورونا بحران کے حوالے سے کئی سوالات رکھے تھے لیکن وزیر خزانہ نے ہمارے سوالوں کا جواب نہیں دیا۔کانگریس ایم پی نے کرپٹو کرنسی کے بارے میں حکومت کے فیصلے پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ کرپٹو کرنسی پر ٹیکس لگائیں گے تو کیا یہ قانونی نہیں ہو جائے گی؟ اگر کوئی چیز قانونی نہیں تو آپ اس پر ٹیکس کیسے لگا سکتے ہیں؟ ٹیکس لگانے کا مطلب ہے کہ آپ کرپٹو کرنسیوں کو قانونی حیثیت دے رہے ہیں۔ اگر کرپٹو سے متعلق کوئی کیس عدلیہ کے سامنے آتا ہے تو ملزم کہہ سکتا ہے کہ اس نے ٹیکس ادا کیا ہے، یہ قانونی ہے۔ آپ کے دوستوں کے پاس کالا دھن ہے، بی جے پی کے دوستوں کو کرپٹو کرنسی چاہیے ۔غور طلب ہے کہ یو پی اے کے دور حکومت میں بڑے گھوٹالوں پر بحث کرتے ہوئے نرملا سیتا رمن نے اسے ملک کے لیے راہوکال کہا تھا، انہوں نے کہا کہ راہوکال تب تھا ایک موجودہ وزیر اعظم امریکی صدر سے ملنے والے تھے اورانہوں نے جو بل پاس کیا تھاوہ میڈیا کے سامنے پھاڑ دیا گیا تھا۔ جسے G-23 کہتے ہیں۔ ہمارا امرت کال ان کا راہو کال ہے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر پارٹی چھوڑ کر باہر جا رہے ہیں، یہی راہو کال ہے۔ تعجب کی بات نہیں کہ کانگریس پارٹی جو راہو کال کاسامنا کررہی ہے اسے 44 سیٹیں مل رہی ہیں اور وہ اس سے باہر نہیں نکل پا رہی ہے۔