گزشتہ 14 ماہ سے کورونا  میں مبتلا شخص کا 78 واں ٹیسٹ بھی مثبت

انٹرنیشنل نیوز سلائیڈر
انقرہ:۔ترکی میں ایک شخص گزشتہ 14 ماہ سے کورونا  وائرس میں مبتلا اور قرنطینہ میں ہے، حال ہی میں اس کا 78 واں ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔56 سالہ شخص مظفر کیاسان کورونا  وائرس سے صحت یاب ہی نہیں ہو پا رہا، مظفر کیاسان نے 2020 سے کورونا  وائرس میں مبتلا ہے، وہ کل 14 ماہ سے اپنے گھر اور اسپتالوں تک محدود ہے۔خون کے کینسر میں مبتلا مظفر کیاسان کو پہلی بار نومبر 2020 میں کورونا  وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور اسے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم 2 ہفتوں کے بعد انہیں ڈسچارج کر دیا گیا لیکن گھر پہنچ کر بھی ان میں کورونا  کی تشخیص ہوئی۔وہ 14 ماہ کے دوران 9 ماہ اسپتال اور 5 ماہ گھر میں قرنطینہ میں رہے جب کہ ان کے 78 کورونا  ٹیسٹ کیے گئے جس کا نتیجہ ہر بار مثبت آیا۔کیاسان نے حکام سے اپنی صورت حال کا حل تلاش کرنے کی اپیل کی ہے جس کی وجہ سے وہ گھر میں اکیلے دن گزارنے پر مجبور ہوئے جہاں وہ صرف کھڑکی سے اپنے بچوں اور پوتے پوتیوں کو دیکھ سکتے تھے۔کیاسان کے ڈاکٹروں نے انہیں بتایا کہ لیوکیمیا کی وجہ سے ان کے کمزور مدافعتی نظام کے باعث ان کے ٹیسٹ مثبت آتے رہتے ہیں، اور وہ ان دوائیوں پر زندہ ہیں جو انہیں اپنے مدافعتی نظام کو مضبوط رکھنے کے لیے تجویز کی گئی تھیں۔مظفر کیاسان کی اہلیہ کچھ دیر ان کے ساتھ رہیں اور انہوں نے 2 بار کورونا ٹیسٹ کروایا جو حیرت انگیز طور پر منفی آیا، ان کے بیٹے نے بھی ان کے ساتھ کچھ وقت گزارا اور اس کا بھی ٹیسٹ منفی آیا۔