بنگلورو:۔ صحت اور طبی تعلیم کے وزیر ڈاکٹر کے. سدھاکر نے بچوں کے کینسر سے متعلق آگاہی کے بین الاقوامی دن پر قدوائی میموریل انسٹیٹیوٹ آف آنکولوجی کا دورہ کیا۔ کینسر میں مبتلا بچوں سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ ڈاکٹروں سے علاج سے متعلق معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر انہوں نے بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ کینسر سے لڑنے والے غریب خاندانوں کے بچوں کے لیے بون میرو ٹرانسپلانٹ سروس مفت ہوگی۔ اس وقت دو مریض زیر علاج ہیں۔ حکومت کینسر میں مبتلا بچوں کو بہترین علاج فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کے ایم آئی او میں ملک بھر سے کینسر کے مریض علاج کے لیے آتے ہیں۔اسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ بڑھ گیا ہے۔ اس کو کم کرنے کے لیے حکومت قدوائی علاقائی مراکز کی تعداد میں اضافہ کریگی۔ ٹمکورو، گلبرگہ، شیموگہ اور میسور میں علاقائی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔وزیر نے کہا کہ بچوں میں کینسر ایک بڑا صحت کا مسئلہ ہے۔ اس کا سب سے زیادہ بوجھ ترقی پذیر ممالک پر پڑتا ہے۔ کینسر کی جلد تشخیص اور مناسب علاج ایک بڑا چیلنج ہے۔کورونا وبا پر ان کا کہنا تھا کہ کیسز میں کمی کے باوجود کورونا وائرس سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ حکومت دیگر ممالک میں وبا کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے ریاست کے تمام اہل لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بغیر کسی ہچکچاہٹ کے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لیں۔اس موقع پر وزیر نے نئے میڈیکل آئی سی یو یونٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ رامایا ریڈی کی یاد میں راج شیکھر نے اس کے لیے چار کروڑ روپے کی رقم عطیہ کی تھی۔ اس موقع پر KMIO کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سی رام چندر بھی موجود تھے۔بجٹ پر وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی بسواراج بومائی معیشت کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ وزیراعلیٰ بہترین بجٹ پیش کریں گے۔
