ویراج پیٹ:۔کرناٹک کے کورگ ضلع کے ویراج پیٹ کے ساکن ہندوستانی فوجی الطاف احمد(37سال) جموں و کشمیر میں ملک کی سرحدوں کی حفاظت پر مامور رہتے ہوئے برف کا تودہ کھسکنے کی وجہ سے شہید ہو گئے۔ویراج پیٹ کی سینٹ آنس کالج میں ابتدائی تعلیم اور ٹاؤن کی سرکاری ڈگری کالج میں پی یو سی مکمل کرنے کے بعد الطاف نے فوج کی بھرتی کی ریلی میں حصہ لیا اور منتخب ہوئے تھے۔ویراج پیٹ میں مرحوم عمر صاحب اور عائشہ کے فرزند الطاف کے پسماندگان میں ان کی بیوہ، ایک فرزند اور ایک دختر شامل ہیں ۔بتایا جاتا ہے کہ الطاف کی میت سری نگر سے جمعہ کے روز ویراج پیٹ لائی جائیگی اور فوجی وسرکاری اعزازات کے ساتھ ان کی تدفین عمل میں آئیگی۔ مرنے سے چند دن پہلے ہی الطاف نے سرحد سے ایک آڈیو روانہ کیا تھا جس میں انہوں نے ریاست کے بگڑتے حالات اور حجاب کو لیکر پیدا ہونے والے تنازع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملک کے باشندو ں سے کہا تھا کہ ملک کی فکر کریں ۔ملک کو بچانے کیلئے نہ جانے کتنے فوجی اپنی جان دے رہے ہیں ۔ایسے میں عوام آپس میں حجاب اور زعفرانی شال کو لے کر لڑائی نہ کریں – الطاف نے کہا تھا کہ جس طرح کے حالات پیدا ہوئے ہیں انہیں دیکھ کر کافی دکھ ہو تا ہے – الطاف کا یہ آڈیو سوشیل میڈیا پر کافی وائرل ہوا تھا – اس کے چند ہی دن بعد ان کے مرنے کی خبرآئی۔
