روس-یوکرین جنگ: یوکرین میں پھنسے ہندوستانیوں کو رومانیہ ہنگری کے راستے نکالنے کا منصوبہ ؛سفری اخراجات حکومت ِ ہند برداشت کرے گی

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔ یوکرین میں جاری جنگ کے درمیان مرکزی حکومت اور سفارت خانے نے وہاں پھنسے ہندوستانیوں کو نکالنے کے لیے رومانیہ اور ہنگری کا راستہ منتخب کیاہے۔ اس راستے سے ہندوستانیوں کو نکالنے کی کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔ہنگری میں ہندوستانی سفارت خانے نے کہا کہ فی الحال ریسکیو کی ٹیمیں ہنگری کی سرحد پرازہوربوکے قریب پہنچ رہی ہیں ۔ ہنگری میں واقع ہندوستانی سفارت خانے نے کہا کہ اُن ہندوستانیوں خاص طور پر طلباء، جو مذکورہ سرحدی چوکیوں کے آس پاس ہیں، کو منظم طریقے سے وہاں پہنچنے کو کہا گیا ہے۔ انہیں اس کے لیے وزارت خارجہ کی ٹیم کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کو بھی کہا گیا ہے۔یوکرین میں جاری جنگ کی وجہ سے ہندوستان کے 20 ہزار سے زائد لوگ وہاں کے مختلف شہروں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ تقریباً 4 ہزار لوگ وہاں سے  چلے آئے ہیں،ایئر انڈیا کی ابتدائی پروازوں سے بھی کئی لوگوں کو دہلی لایا گیا۔ خیال رہے کہ تادم ِ تحریر دونوں ممالک کی فوجوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔ فوج نے روسی ٹینکوں کو داخل ہونے سے روکنے کے لیے کیف کے مضافات میں تین پلوں کو دھماکے سے اڑا دیا ہے۔وہیں جنگ کے درمیان ہندوستانیوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کے پاس کھانے پینے کی ا شیاء بھی نہیں ہیں۔ذرائع کے مطابق ہندوستانی حکومت ملک کے شہریوں کو یوکرین سے نکالنے کے لیے پروازیں شروع کرے گی۔ ان پروازوں کے اخراجات از خودحکومت برداشت کرے گی۔مرکزی حکومت نے یوکرین میں پھنسے ہوئے ہندوستانی شہریوں کے لیے ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیے ہیں۔یوکرین میں جنگ چھڑنے کے بعد فضائی حدود کو بند کر دیا گیا ہے۔شہریوں کو لینے کے لیے ہندوستان سے یوکرین جانے والی ایئر انڈیا کی خصوصی پرواز جمعرات کو واپس لوٹ آئی تھی، اب یوکرین کے پڑوسی ممالک کی مدد سے ہندوستانیوں کو نکالنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔