کولکاتہ:۔مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے منگل کے روزکہاہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو اس دن اقتدار سے باہر کر دیا جائے گا جس دن لوگوں کو ایک مناسب متبادل ملے گا۔ پارٹیوںکو مل کرایک متبادل قوت بنانا چاہیے۔ پارٹی کی تنظیمی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاہے کہ بی جے پی اب بھی اقتدار میں ہے کیونکہ کوئی متبادل نہیں ہے۔ جس دن آپشن دستیاب ہوگا، اسے باہر پھینک دیا جائے گا۔پچھلے مہینے، ممتابنرجی، جنہیں پارٹی صدر کے طور پر دوبارہ منتخب کیا گیا، نے ایک نئی ریاستی کمیٹی تشکیل دی جس میں زیادہ تر ان کے وفادارشامل ہیں۔ پارٹی میں پرانے لیڈروں اور نوجوان لیڈروں کے درمیان مبینہ اقتدار کی کشمکش کے درمیان یہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ٹی ایم سی سپریمو نے سبرت بخشی کو پارٹی کا ریاستی صدر اور پارتھیو چٹرجی کو جنرل سکریٹری کے طور پر دوبارہ مقرر کیا۔ انہوں نے تقریباً 20 نائب صدور کا تقرر کیا، جن میں ریاست کے سابق وزیر خزانہ امیت مترا اور 19 ریاستی جنرل سکریٹریز بھی شامل ہیں۔ٹی ایم سی کے سیاسی مشیر پرشانت کشور بھی میٹنگ میں موجود تھے اور انہیں پارٹی کے دیگر سینئر لیڈروں کے ساتھ اسٹیج شیئر کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
