بنگلورو:۔نوجوانوں کوبا اختیار کرنے کے ارادے سے اسرو کی جانب سے طلباء کو تربیت دی جائیگی۔ اس سلسلے میں ملک بھر سے 9ویں جماعت میں زیرِ تعلیم 150طلباء کا انتخاب کیا جائے گا۔ ان تمام کو دو ہفتوں کے خصوصی پروگرام میں تربیت دی جائے گی۔ یوویکا (یوواوگیانی کاریا کرم) نامی اس پروگرام کے تحت اسرواپنے بنگلورو، تھرووننت پورم، حیدرآباد، احمد آباد اور شیلانگ میں واقع مراکز میں ان طلباء کی میزبانی کرے گا۔وہاں سے ان تمام کو سری ہری کوٹا میں واقع ستیش دھون اسپیس سنٹر لے جایا جا ئے گا۔سائنس اور ٹکنالوجی میں موجودہ اور جدید رجحانات کے بارے میں بیداری لانا اس پروگرام کا مقصد ہے۔ اس کے تحت طلباء اور سائنسدانوں کے درمیان مختلف موضوعات پر مباحثے ہوں گے۔ دیہی پس منظر رکھنے والے طلباء کو ترجیح دی جائے گی۔درخواستیں دینے کا سلسلہ جاری ہے اور 10اپریل کی شام4بجے تک درخواستیں دے دینی ہونگی۔پروگرام گرمی کی چھٹیوں میں 16سے28مئی 2022ء تک رکھاجائے گا۔ طلباء کا انتخاب ان کے آٹھویں جماعت کے امتحانات میں ملے مارکس کی بنیاد پر ہوگا۔ اس کے علاوہ سائنسی میلوں میں شرکت کر چکے،اولمپیاڈز، سائنسی اور اسپورٹس مقابلوں میں انعامات جیت چکے طلباء نیز اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز، اے سی سی اور این ایس ایس ارکان کو ترجیح دی جائیگی۔ حصہ لینے کے خواہشمندطلباءاس ویب سائٹ پر اپنے نام درج کرواسکتے ہیں۔
http://yuvika.isro.gov.in/yuvika/register.jsp
