منگلورو:میسکام محکمہ کے معاون انجینئردیالو سندرراج کے منگلورو اور میسور کے گھروں اور منگلورو میں واقع دفترپر اے سی بی کے افسران نے بیک وقت چھاپہ ماری کرتےہوئے بے شمار دولت کا پتہ لگانےکی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔مینگلور کے ملِّی کٹے کے قریب پرانے اور کرایہ کے وجئے اپارٹمنٹ میں واقع گھر اور کل شیکھر دفتر پر اے سی بی کے ایس پی سائمن سی اے ، ڈی وائی ایس پی پرکاش ، انسپکٹر شیام سندر اور کاروار اے سی بی انسپکٹر کی قیادت والی ٹیموں نے چھاپہ مارا۔ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق گذشتہ 10برسوں سے منگلورو میں معاون انجنئیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے دیالو سندر راج کے خلاف اے سی بی کو شکایتیں موصول ہوئی تھیں۔ اسی بنیاد پر مارے گئے چھاپے میں بے شمار دولت کا پتہ چلا ہے ۔ چھاپے کے دوران دیالو سندر راج گھر پر نہیں تھے وہ کام کی وجہ سےبنگلورو میں ہونے کی بات کہی جارہی ہے۔ دیالو سندر کا کدری کمبل کے قریب ذاتی اپارٹمنٹ ہے اور پاس کے ہی ایک گھر میں وہ کرایے پر رہتے ہیں۔پتہ چلا ہے کہ منگلورو اور میسور میں جائیداد رکھنے والے دیالو سندر کے میسور میں 2سائٹ، ہنسور میں ایک سائٹ اور 2ایکڑ زرعی زمین کی دستاویزات افسران کے ہاتھ لگے ہیں۔ کروڑوں روپئے ملکیت کےکاغذات اے سی بی نے اپنی تحویل میں لئے ہیں ۔ شہر کے کدری کمبل علاقےمیں ڈبل بیڈروم فلاٹ، بندور ویل کے کرایےوالے گھر میں 4کے جی چاندی ، 300گرام سونا اور نقد رقم ملنےکی اے سی بی ذرائع نے اطلاع دی ہے۔
