دہلی:۔ سپریم کورٹ نے مہاراشٹر حکومت کے وزیر نواب ملک کی عرضی پر جلد سماعت کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ یہ کیس داؤد ابراہیم سے متعلق منی لانڈرنگ سے متعلق ہے۔ دائر درخواست میں نواب ملک نے عدالت سے فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ کپل سبل نے نواب ملک کی جانب سے معاملے کی جلد سماعت کا مطالبہ کیا۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس این وی رمنا نے کہا کہ وہ اس معاملے پر سماعت کریںگے۔ دراصل مہاراشٹر حکومت کے وزیر نواب ملک نے ممبئی ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ ملک نے اپنی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ انہوں نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے خلاف درج کی گئی کارروائی کو منسوخ کرنے اور فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔ ہائی کورٹ نے 15 مارچ کو عبوری راحت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون (PMLA) کے تحت اسے حراست میں بھیجنے کے خصوصی عدالت کے حکم کو غیر قانونی یا غلط نہیں کہا جا سکتا کیونکہ یہ اس کے دائرہ اختیار میںنہیں ہے۔ملک 4 اپریل تک عدالتی حراست میں ہیں۔ انہیں 23 فروری کو زمین کے سودے کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ ان کا تعلق منی لانڈرنگ کیس سے ہے جس میں مفرور مافیا داؤد ابراہیم اور اس کے ساتھی شامل ہیں۔ انہیں پہلے ای ڈی کی حراست میں بھیجا گیا، پھر عدالتی حراست میں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ نواب ملک کو ای ڈی نے داؤد ابراہیم سے متعلق منی لانڈرنگ میں گرفتار کیا تھا۔
