منگلورو:۔بجپے میں واقع فِش مِیل فیکٹری کی ویسٹیج ٹینک میں اتر کر کام کرنے کے دوران 5 مزدور فوت ہوگئے ۔ مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے ان مزدوروں کے بارے میں سمجھا جاتا ہے کہ زہریلی گیس سے دم گھُٹنے کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی ہے ۔کل اتوار کی شام کو پیش آئے اس حادثہ میں فوت ہونے والے مزدوروں کی شناخت نظام الدین ، عمر فاروق ، محمد سمیع اللہ ، شرافت علی اور معراج الاسلام کے طور پر کی گئی ہے ۔ تین مزدوروں کی موت اتوار کی رات میں ہی ہوگئی تھی جبکہ دو مزدوروں نے آج پیر صبح اسپتال میں دم توڑ دیا ۔ مزید 3 مزدور اسپتال میں زیرعلاج ہیں ۔ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق شری اولکا ایل ایل پی نامی کمپنی میں جملہ 8 مزدور فیکٹری کی ویسٹ کلیکشن ٹینک میں کام کر رہے تھے ۔ یہ کمپنی گورکھ نامی شخص کی ملکیت ہے جو ممبئی کا رہنے والا ہے ۔پولیس کمشنر این ششی کمار نے بتایا کہ جب ایک مزدور مچھلیوں کا کچرا ڈمپنگ ٹینک میں بھر رہا تھا تو وہ اچانک بے ہوش ہوگیا ۔ تب باقی 7 مزدروں نے اسے بچانے کی کوشش کی اور وہ بھی حادثہ کا شکار ہوگئے ۔مزدروں کی ہلاکت کے بعد بجپے پولیس نے فیکٹری کے پروڈکشن منیجر روبی جوزیف ، ایریا منیجر کوبیر گھاڈے ، سپروائزر محمد انور اور فاروق کو اپنی حراست میں لیا ہے ۔ ان کے خلاف مزدورں کو حفاظتی آلات فراہم نہ کرنے اور غفلت برتنے کے سلسلے میں کیس درج کر لیا گیا ہے ۔
