بنگلور:۔ سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سدارامیا کو بدعنوانی کا باپ قرار دیا ہے۔ انہوں نے ہاسن میں سدارامیا کے خلاف حملہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ سدارامیا نے ان کے چار سوالوں کا جواب نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ سدارامیا نے ہاسن ضلع میں ان کے والد کو غدار اور بدعنوان کہہ کر ان کی توہین کی ہے۔ سدارامیا کو ایسے الفاظ بولنا مناسب نہیں ہے۔ وہ جلد ہی سدارامیا کی بدعنوانی کی تفصیلات عوام کے سامنے رکھیں گے۔کمارسوامی نے کہا کہ سدارامیا نے ملیکارجن کھرگے کو وزیر اعلیٰ نہیں بننے دیا۔ پھر اس الزام سے بچنے کے لیے کھرگے کے بیٹے پریانک کو ان کی کابینہ میں وزیر بنایا گیا۔ انہوں نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کیا اور کولار لوک سبھا انتخابات میں کے ایچ منیپا کو شکست دی۔کمارسوامی یہیں نہیں رکے، انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے سات سال تک کانگریس کے ریاستی صدر رہتے ہوئے پارٹی کو کامیاب بنایا، لیکن انھیں وزیر اعلیٰ بننے سے روکنے کے لیے کئی سازشیں کیں۔ سدارامیا اب ریاستی کانگریس صدر ڈی کے شیوکمار کو وزیر اعلی نہیں بننے دیں گے۔ سدارامیا اکیلے نہیں بلکہ سب کو ساتھ لے کر ڈوبیں گے۔
