سابق آئی اے ایس شاہ فیصل نے سول سروس میں واپسی کا اشارہ دیا؛ مودی حکومت کے تئیں رخ بدلا

سلائیڈر نیشنل نیوز

سرینگر:۔سابق آئی اے ایس افسر شاہ فیصل سیاست سے بیزار ہو گئے ہیں۔ جموں و کشمیر سے پہلے یوپی ایس سی ٹاپر فیصل نے سول سروسز میں واپس آنے کا اشارہ دیا ہے۔کئی ٹویٹس میں فیصل نے 2019 میں سرکاری نوکری چھوڑ کر سیاست میں کودنے کے فیصلے کے بارے میں بات کی ہے۔ بدھ کو کئے گئے ٹویٹس میں فیصل نے اپنی مثالی باتوں کا بھی ذکر کیا ہے جس کی وجہ سے وہ سیاست میں آئے۔فیصل نے 2009 میں یو پی ایس سی امتحان میں ٹاپ کیا تھا۔ انہوں نے جنوری 2019 میں اپنی سرکاری ملازمت چھوڑ دی تھی اور ملک میں مبینہ عدم برداشت کی وجہ سے سیاست میں قدم رکھا تھا۔ مارچ 2019 میں انہوں نے اپنی پارٹی ’جموں کشمیر پیپلز موومنٹ‘ بنائی۔ فیصل نے اس وقت اپنی آبائی ریاست میں ہونے والے اسمبلی انتخابات لڑنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا تھا۔سابق آئی اے ایس افسر شاہ فیصل نے اپنے ٹویٹ میں لکھاکہ میری زندگی کے آٹھ مہینے (جنوری 2019-سے اگست 2019) میں اتنا کچرا پیدا ہوا کہ میں تقریباً تھک چکا تھا۔ ایک حقیقت کا پیچھا کرتے ہوئے میں نے تقریباً ہر وہ چیز کھو دی جو میں نے برسوں میں بنائی تھی۔ میں نے کام، دوست، شہرت اور خیر سگالی سب کچھ کھو دیا، لیکن میں نے کبھی امید نہیں ہاری۔ میرنظریے نے مجھے مایوس کیا، لیکن مجھے اپنے آپ پر یقین ہے کہ میں اپنی غلطیوں کو درست کروں گا، مجھے زندگی میں ایک اور موقع ملے گا۔ ان آٹھ مہینوں کی یادوں کا کچھ حصہ مٹ چکا ہے اور میں اس وراثت کو مکمل طور پر مٹانا چاہتا ہوں۔ اس میں سے بہت کچھ پہلے ہی ختم ہوچکا ہے۔ وقت باقی چیزوں کو بھی مٹا دے گا۔