ریزرویشن زمرہ کے امیدوار زیادہ نمبر حاصل کرنے پر جنرل  زمرے کی نشستوں کے حقدار ہوں گے: سپریم کورٹ

نیشنل نیوز
دہلی :۔سپریم کورٹ نے کہا ہےکہ ریزرویشن یافتہ زمرے کے امیدوار اگر جنرل زمرے میں منتخب فائنل امیدوار سے زیادہ نمبر حاصل کرتے ہیں، تو وہ جنرل زمرے کے لیے مخصوص نشستوں کے حقدار ہوں گے ۔جسٹس ایم آر شاہ اور جسٹس بی وی ناگرتن نے کہا کہ ‘نمبر اور پوزیشن کی بنیاد پر، مخصوص زمروں سے تعلق رکھنے والے امیدوار بھی جنرل زمرہ کی نشستوں کے لیے دعویٰ کرسکتے ہیں۔سپریم کورٹ نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے اندرا ساہنی (1992)، سوربھ یادو (2021) اور سادھنا سنگھ ڈانگی (2022) کے مقدمات سے متعلق فیصلوں پر غور کیا، جس میں کہا گیا تھا کہ اگر ریزرویشن یافتہ زمرے سے تعلق رکھنے والے امیدوار اگر عام زمرہ کے امیدوار سے زیادہ نمبر حاصل کرتے ہیں تو اسے ریزرویشن یافتہ زمرے میں شمار نہیں کیا جاسکتا ہے۔سپریم کورٹ نے راجستھان ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس نے زیادہ نمبر حاصل کرنے کے باوجود ریزرویشن یافتہ زمرے کے دو امیدواروں کی تقرری اسی زمرے میں کی، جس سے اس ریزرویشن یافتہ زمرے کے دیگر امیدواروں کو نقصان ہوا۔ اگر ان دونوں امیدواروں کی تقرری جنرل کیٹیگری میں ہوتی تو ریزرو کیٹیگری کے مزید دو امیدواروں کو موقع مل سکتا تھا۔ہائی کورٹ کے فیصلے میں پبلک سیکٹر کی کمپنی بی ایس این ایل کو ٹیکنیکل اسسٹنٹ کے عہدہ کے لیے ایک او بی سی امیدوار کی تقرری پر غور کرنے کی ہدایت دی گئی تھی کیونکہ دو ریزرویشن یافتہ امیدواروں کو جنرل زمرے کے امیدواروں سے زیادہ نمبر حاصل کرنےکے باوجود او بی سی زمرہ میں رکھا گیا تھا۔سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران، رفیق عدالت سینئر ایڈوکیٹ راجیو دھون اور ایڈوکیٹ گورو اگروال نے دلیل دی کہ ریزرو کیٹیگری کے امیدوار جنہوں نے جنرل زمرے کے امیدواروں میں فائنل امیدوار سے زیادہ نمبر حاصل کیے ہیں، انہیں جنرل زمرے کے کوٹے کے تحت شمار کرنا ضروری تھا۔سپریم کورٹ نے بی ایس این ایل کو حکم دیا کہ جنرل زمرہ کے دو منتخب امیدواروں کو ہٹائے بغیر ریزرو زمرہ کے دو امیدواروں آلوک کمار یادو اور الکا سینی کو عام زمرہ میں جگہ دی جائے۔بنچ نے یہ بھی حکم دیا کہ ریزرو کیٹیگری کے امیدوار جنرل زمرے کے امیدواروں کی طرح سنیئرٹی کے حقدار ہوں گے۔