عید الفطر کے موقع پر شر پسندوں کی شرارت سے خود کو بچائیں ؛ علما ئےکرام کی اپیل

اسٹیٹ نیوز ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔عید الفطر کے موقع پر مسلمان صبروتحمل اور حکمت عملی کامظاہرہ کریں اور شرپسندوں کی شرارت پر ان سے فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے ان کے بہکاوے میں نہ آئیں ،اس طرح کی اپیل ممبئی سمیت ملک بھر کے علمائے کرام اور دانشوروں نے کی ہے ۔ علمائے کرام کی جانب سے ملک کی مختلف ریاستوں سےاخباری بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ ماہ رمضان میں مسلمانوں نے جس صبروتحمل کا مظاہرہ کیا ہے،اسی طرح صبروتحمل اور حکمت عملی کا مظاہرہ کریں۔ان کی کوشش ہونا چاہئے کہ وہ شرپسندوں کی شرارت سے خود کو بچائیں اور ان کے بہکاوے میں نہ آئیں۔مزید کہاکہ اللہ تعالیٰ نے دوسال بعد ہمیں عبادت اور ریاضت کا پورا پورا موقعہ دیا ہے اور اس وجہ سے شیطان اس چیز کو پسند نہیں کررہا ہے ،اور وہ شرارتیں کرارہا ہے ،اس کے بچنے کے لیے ہمیں حکمت عملی سے کام لینا ہے۔علمائے کرام نے اپنے غیر مسلم دوستوں اور پڑوسیوں کو بھی عید میں شامل کرنے کا مشورہ دیا اورمسلمانوں سے سادگی اور پُر امن طورعید منانے کی اپیل کی ہے اور کہاکہ اپنے بچوں کو ہدایت دیں اور سبھی اس کا خیال رکھیں کہ ہم سے کسی کو تکلیف نہ پہنچے ۔ ملک کے حالات کے پیش نظر مسلمانوں کو انتہائی سادگی سے عید منانا چاہئیے تاکہ اپنے محلے،شہر اور ملک کا امن برقرار رہے۔ پولیس اور انتظامیہ سے تعاون کریں ۔ہر طرح سے ہماری کوشش ہونا چاہیے کہ دوسروں کو بھی اپنی خوشی میں شامل کریں کیونکہ عید الفطر اللہ کا ایک عظیم الشان تحفہ اور انعام و اکرام ہے ہمیں اسے قدر و منزلت کے ساتھ منانا چاہئے اور موجودہ حالات میں شر پسندوں کو کسی بھی قسم کا موقع دیئے بنا پر امن طریقے سے عید منانا چا ہئے ۔ مزید علمائے کرام کی جانب سے اپیل کی گئی ہے کہ مسلمان امن وامان کے ساتھ عید منائیں اورامن وامان کا خاص طورپر خیال رکھیں تاکہ شرپسندوںکو کسی بھی طرح کا شر پھیلانےکا موقع نہ ملے،امن و شانتی اور ملک کی خوشحالی کیلئے ساتھ مل کر فسطائی طاقتوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے اور ان کے ناپاک مقاصد کو کامیاب ہونے نہیں دینا چاہیے۔