بنگلورو:۔فرقہ پرست اگر مسلمانوں کو بھڑکانے کیلئے توہین رسالت کرتے ہیں یا پھر شریعت کے تعلق سے کچھ بُرابھلا کہتے ہیں تب بھی مسلمان صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں اور قانون کو اپنے ہاتھوں میں نہ لیں،اپنے بڑوں اور ذمہ داروں سے رجوع کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کر یں ۔ یہ نصیحت کرناٹکا کے امیرشریعت مفتی صغیر احمد رشادی نے کی ہے۔انہوں نے یہاں بات کرتے ہوئےکہاکہ شر پسند عناصر فتنہ و فساد پھیلانا چاہتے ہیں تو مسلمان صبر و تحمل سے کام لیں، اگر کوئی مسجد کے سامنے بھجن گاتا ہے تو نوجوان قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لین بلکہ ذمہ داروں کی مدد سے پولیس میں شکایت درج کرائیں، خصوصاً نوجوان مشتعل نہ ہوں، سکون سے کام لیتے ہوئے قانون کا سہارا لیں۔ آج کل حالات خراب ہوتے جارہے ہیں، کچھ لوگ لاؤڈ اسپیکر کا نام لے کر اشتعال پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں ،ایسے میں مسلمان اللہ کی طرف رجوع ہوجائیں تو یقیناً اللہ اپنی قدرت سےان شرپسندوں کا خاتمہ کریں گے ،اسی طرح سے مسلمان برادران وطن کے ساتھ اچھے تعلقات رکھیں ۔ مزید انہوں نے کہا کہ کمشنر آف پولیس نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ وہ مساجد کو تحفظ فراہم کرینگے بشرطیکہ عوام قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔ امیر شریعت نے مزید کہا کہ اذان کی آواز کو قابو میں لانے کے ایک آلہ بنایا گیا ہے اس سے حکومت کے قانون کے مطابق آواز پر قابو پایا جاسکتاہے۔تمام مساجد کے ذمہ داران اس آلے کو اپنے مساجدکے لائوڈ اسپیکر کے ساتھ جوڑ دیں اس سے قانون کی پاسداری ہوگی،انہوں نے کہاکہ لائوڈ اسپیکر کو اذان تک محددود رکھیں،تقریرکرنے،دعاکرنے اور دیگر ضروریات کیلئے اندورنی مائک کا ہی استعمال کریں،بیرونی مائک کا استعمال ہرگز بھی نہ کریں۔
