یوپی کے مدرسوں میں قومی ترانہ گانا لازمی

سلائیڈر نیشنل نیوز

لکھنو :۔ یوپی کی یوگی حکومت نے ریاست کے تمام مدارس میں آج سے قومی ترانہ کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ حالانکہ کچھ لوگوں نے اعتراض بھی کیا ہے۔ اس کے باوجود جمعرات سے ریاست کے مدارس میں قومی ترانہ گانے کا آغاز ہوگیا۔یوپی حکومت نے مدرسوں میں طلباء اور اساتذہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ جمعرات سے لازمی طور پر قومی ترانہ پڑھیں۔ کلاس شروع ہونے سے پہلے قومی ترانہ گانا ضروری ہے۔یہ احکامات یوپی کے اقلیتی امور کے وزیر مملکت دانش آزاد انصاری نے جاری کیے ہیں۔ یہ فیصلہ 24 مارچ کو یوپی مدرسہ تعلیمی بورڈ کی میٹنگ میں لیا گیا۔ حکومت نے 9 مئی کو فیصلے پر عمل درآمد کے احکامات جاری کیے تھے۔رمضان المبارک کی وجہ سے 30 مارچ سے 11 مئی تک مدرسہ بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا ۔ تازہ ترین ہدایات کے مطابق، طلباء اور اساتذہ کو مدارس میں مذہبی دعاؤں کے ساتھ ساتھ قومی ترانہ گانا بھی ضروری ہے۔ ان احکامات کا اطلاق تمام منظور شدہ امداد یافتہ اور غیر امداد یافتہ مدرسوں پر ہوتا ہے۔