دہلی:۔اکثر سرخیوں میں رہنے والے عام آدمی پارٹی (آپ) کے ایم ایل اے امانت اللہ خان پرالزامات بڑھتے جا رہے ہیں۔ان کے خلاف کاررووائی پرعام آدمی پارٹی اورکجریوال پوری طرح چپ ہیں۔ دہلی پولیس نے جمعہ کو کہاہے کہ اے اے پی ایم ایل اے امانت اللہ خان کو 30 مارچ کو ہی ہسٹری شیٹر اور بی سی (خراب کردارکاحامل) قرار دیا گیا ہے۔امانت اللہ خان کے خلاف اب تک 18 فوجداری مقدمات درج ہیں۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ امانت اللہ عادی ہیں۔ ان کے خلاف زمینوں پر قبضے اور مارپیٹ کے مقدمات بھی درج ہیں، 28 مارچ کو ایس ایچ او جامعہ نگر کی جانب سے امانت اللہ خان کو بنڈل اے کا بی سی بنانے کی تجویز جاری کی گئی تھی، جسے ڈی سی پی نے 30 مارچ کو منظور کر لیا تھا۔ دہلی کے مختلف علاقوں میں میونسپل کارپوریشن کی انسداد تجاوزات مہم مسلسل جاری ہے۔جنوب مشرقی دہلی کے مدن پور کھدر علاقے میں پرتشدد مظاہروں اور پتھراؤ کے دوران مقامی لوگوں نے بلڈوزر روکنے کی کوشش کی اور سیکورٹی اہلکاروں پر پتھراؤ کیا۔ اس دوران آپ کے ایم ایل اے امانت اللہ خان نے مدن پور کھدر کے کنچن کنج میں اپنے حامیوں اور مقامی لوگوں کے ساتھ میونسپل کارپوریشن کی اس مہم کی مخالفت کی۔ اس کے بعد اے اے پی ایم ایل اے کو ہنگامہ آرائی اور سرکاری ملازمین کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، جہاں سے بعد میں انہیں ضمانت مل گئی ہے ۔
