دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ان بچوں کیلئے ایک خصوصی اسکیم کا آغاز کیا، جنہوں نے کورونا وبا کے دوران اپنے والدین کو کھو دیا ہے۔پی ایم کیئر فار چلڈرین اسکیم کے تحت بچوں کی مدد کی جائیگی۔ وزیر اعظم مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ منعقدہ پروگرام کے دوران بچوں کو پی ایم کیئرس فار چلڈرین کے پاس بک کے ساتھ آیوشمان بھارت- پردھان منتری جن آروگیہ اسکیم کے تحت ورچوئل طور پر ہیلتھ کارڈ بھی دئے۔اس اسکیم کے آغاز کے دوران وزیر اعظم مودی نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ کورونا کی وجہ سے جنہوں نے اپنوں کو کھویا ہے، ان کی زندگی میں آئی یہ تبدیلی کتنی مشکل ہے ۔ ہر دن ایک جدوجہد، ہر دن کی مشقت۔ آج جو بچے ہمارے ساتھ ہیں، جن کے لئے یہ پروگرام ہورہا ہے ، ان کی تکلیف الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے ۔وزیر اعظم مودی کے مطابق اگر کسی کو پروفیشنل کورس اور اعلی تعلیم کیلئے لون کی ضرورت ہوگی تو پی ایم کیئرس کی طرف سے ان کی مدد کی جائے گی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ روز مرہ کی دیگر ضروریات کیلئے اور دیگر اسکیموں کے ذریعہ سے ان کیلئے چار ہزار روپے ماہانہ کا بندوبست کیا گیا ہے ۔وزیر اعظم مودی نے کورونا کے دوران یتیم ہوئے بچوں کی مدد کیلئے پچھلے سال پی ایم کیئرس فار چلڈرین اسکیم کا اعلان کیا تھا ۔ اس سے پہلے اس اسکیم کے تحت استفادہ کی ڈیڈلائن 31 دسمبر 2021 تھی ، لیکن بعد میں اس میعاد کو 28 فروری 2022 تک بڑھا دیا گیا تھا ۔اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے یہ بھی کہا کہ ملک کو 8 سال پہلے مشکل حالات سے نکالاگیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج جب ہماری سرکار اپنے آٹھ سال پورے کررہی تو ملک کی خود اعتمادی اور باشندگان وطن پر بھروسہ بے مثال ہے
