منگلورو:۔ شہر کے ہمپن کٹہ میں واقع منگلورو یونیورسٹی کالج کے بی کام سال دوم کے کچھ طلبہ نے اپنے کلاس روم میں آر ایس ایس کے قائد ساورکر کا فوٹو آویزاں کیا تو کلاس کے دوسرے طلبہ نے اس پر اعتراض جتاتے ہوئے کالج کے لیکچرار اور پرنسپال کے علم میں یہ بات لائی ۔ جس کے بعد پرنسپال نے کارروائی کرتے ہوئے فوٹو لگوانے والے طلبہ کے ہاتھوں سے ہی اسے اتروا دیا۔خیال رہے کہ یہاں پچھلے کچھ دنوں سے مسلم طالبات کے حجاب کا مسئلہ اے بی وی پی سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے اچھال رکھا ہے ۔ اسی بیچ آر ایس ایس کے ونائک دامودر ساورکر کی تصویر کسی اجازت کے بغیر کلاس روم میں آویزاں کرکے نیا تنازعہ کھڑا کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔کالج کے پرنسپال نے اس واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ساورکر کی تصویر کلاس روم میں آویزاں کرنے کی اطلاع ملتے ہی اس معاملہ کے ذمہ دار طلبہ سے اسے اتروایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ان طلبہ سے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معذرت نامہ لیا گیا ہے۔
