پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف سخت علیل، داخلِ اسپتال

انٹرنیشنل نیوز


اسلام آباد:۔سابق آمر صدر جنرل پرویز مشرف کے حوالے سے 10 جون کو سوشل میڈیا پر غلط خبریں وائرل ہونے کے بعد ان کے اہل خانہ کی جانب سے جاری وضاحت میں کہا گیا ہے کہ وہ سخت علیل ہیں اور اسپتال میں زیر علاج ہیں۔سابق صدر کے ٹوئٹر اکاؤ نٹ پر جاری وضاحتی بیان میں واضح کیا گیا کہ انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل نہیں کیا گیا، البتہ وہ علالت کے باعث ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔بیان میں تصدیق کی گئی کہ پرویز مشرف گزشتہ تین ہفتوں سے ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور انہیں لاحق بیماری ’امائلائیڈوسس‘ کی وجہ سے پیچیدگیوں کا شکار ہیں۔ساتھ ہی ٹوئٹ میں تصدیق کی گئی کہ پرویز مشرف انتہائی علیل ہیں اور وہ بیماری کی خطرناک اسٹیج پر پہنچ چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان کے اہل خانہ کی جانب سے پرویز مشرف کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل بھی کی گئی۔ واضح رہے کہ پرویز مشرف گزشتہ چند سال سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں مقیم ہیں اور وہ وہاں کے مقامی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔