بنگلورو:۔کرناٹک اسمبلی سے راجیہ سبھا کی چار سیٹوں کیلئے پولنگ کروائی گئی جس میں ریاست کی حکمران بی جے پی نے کانگریس اور جنتا دل(ایس) کی رسہ کشی کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے تین سیٹوں پر قبضہ کر لیا جبکہ کانگریس صرف جئے رام رمیش کو کامیاب کرسکی اور جنتادل(ایس) امیدوار کپیندرا ریڈی اور کانگریس کے دوسرے امیدوار منصورعلی خان انتخابی جنگ ہار گئے۔چار نشستوں کیلئے ہونے والے انتخاب کیلئے بی جے پی کو دو، کانگریس اور جے ڈی ایس سے ایک ایک امیدوار کے بلامقابلہ کامیاب ہونے کا امکان تھا تاہم کانگریس قیادت کی طرف سے جواں سال کانگریس رہنما منصور علی خان کو دوسرے امیدوار کے طور پر میدا ن میں اتارا گیا ۔بی جے پی کی طرف سے مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے 46ووٹ، فلم اداکار جگیش نے 44ووٹ اور تیسرے امیدوار لہر سنگھ سرویا نے 33ووٹ حاصل کر کے راجیہ سبھا میں داخلہ لے لیا- کانگریس کے امیدوار جئے رام رمیش نے 45ووٹ لئے اور کرناٹک میں اپنی راجیہ سبھی سیٹ برقرار رکھی-جنتا دل(ایس)کے امیدوار کپیندرا ریڈی نے 30ووٹ حاصل کئے جبکہ منصور علی خان کو 25ووٹ پڑے۔حالانکہ یہ خدشات تھے کہ ان انتخابات میں بڑے پیمانہ پر کراس ووٹنگ کا شبہ تھا لیکن جنتا دل (ایس) کے دواراکین کی طرف سے کراس ووٹنگ کے علاوہ کسی نے اپنی پارٹی سے وفاداری نہیں بدلی- کولار حلقہ کے جے ڈی ایس رکن سرینواس گوڈا نے کانگریس امیدوار منصورعلی خان کو اپنا ووٹ دیا جبکہ اسی پارٹی کے ایس آر سرینواس نے جو گبی حلقہ کے رکن ہیں بی جے پی کے تیسرے امیدوار لہر سنگھ کو ووٹ دیا-اس دوران سرینواس نے اس بات کی تردید کی ہے کہ انہوں نے کراس ووٹنگ کی ہے ۔
