اودے پور کا واقعہ غیر اسلامی و غیر انسانی ، جتنی مذمت ہو کم ہے: مولانا ارشد مدنی

نیشنل نیوز

دہلی:۔ راجستھان کے اودے پورمیں قتل کی مذمت کرتے ہوئے جمعیۃعلماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے کہا ہے کہ جس طرح ہم جگہ جگہ موب لنچنگ کے مخالف تھے، اسی طرح ہم اس غیر انسانی حرکت کو بھی امن وامان کے لئے انتہائی خطرناک محسوس کرتے ہیں ،یہ مذمتی بیان انہوں نے آج یہاں جاری کیا۔مولانا مدنی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ ملک کے قانون اور ہمارے مذہب کے خلاف ہے، ہم ہر شخص کے لئے قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کے لئے ہمیشہ سے سخت مخالف ہیں، اودے پور کا واقعہ انتہائی افسوسناک، غیر اسلامی اور غیر انسانی حرکت ہے۔ اس لئے اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، اس معاملہ میں بھی ملک کا قانون اپنا کام کرے گا۔مولانا مدنی نے یہ بھی کہا کہ بدزبانوں کی گستاخی کی وجہ سے جو کچھ ہوا برا ہوا، لیکن ملک میں امن وامان اور فرقہ وارانہ خیرسگالی کو قائم رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ اس پر صبروتحمل کا مظاہرہ کیا جائے۔ انہوں نے آگے کہا کہ ہم جس طرح اس واقعہ کی مخالفت کرتے ہیں اسی طرح ہم اس بات کے بھی سخت مخالف ہیں کہ کسی بھی مذہبی شخصیت کی شان میں گستاخی کرکے یا کسی مذہب کے خلاف نازیبا لفظوں کا استعمال کرکے اس کے ماننے والوں کے جذبات کو مجروح نہ کیا جائے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کے مقتدر اشخاص کی خاموشی اور گستاخی کرنے والوں کی گرفتاری کا نہ ہونا وہ اسباب ہیں جنہوں نے ساری دنیا میں ملک کی شبیہ کو خراب کیا ہے اور امن وامان کو آگ لگائی ہے، اس لئے ہم ایک بار پھر حکومت سے کہتے ہیں کہ جن لوگوں نے آنحضور صلی اللہ علیہ وآلٰہ وسلم کی شان میں گستاخی کی ہے ان کو فوراً گرفتار کیا جانا چاہئے ،اور قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں پھر کوئی ایسا کرنے کی جرأت نہ کرسکے، نیز پورے دنیا کے مسلمانوں کو سکون و اطمینان میسر ہوسکے۔