رانچی:۔کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے اس بیان پر جھٹکا لگا ہے ، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’ سارے چور کا نام’مودی‘ ہی کیوں ہے۔ ہائی کورٹ نے راہل گاندھی کی عرضی کو خارج کرتے ہوئے انہیں رانچی کی سول کورٹ میں بات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ جسٹس ایس کے دویدی کی عدالت نے کہا کہ وہ جو نکات ہائی کورٹ میں اٹھا رہے ہیں ،انہیں سول کورٹ میں اٹھانا چاہیے۔ اس سے پہلے ہائی کورٹ نے راہل گاندھی کیخلاف کارروائی نہ کرنے کی ہدایت دی تھی۔ایڈوکیٹ پردیپ مودی نے راہل گاندھی کیخلاف رانچی سول کورٹ میں شکایت درج کرائی ہے۔ الزام یہ لگایا گیا ہے کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران رانچی میں ایک انتخابی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا تھا کہ جن کے نام کا لاحقہ’مودی‘ ہے وہ سب کے سب چور ہیں۔ راہل گاندھی کے اس بیان سے مودی سماج کو مبینہ طور پر ٹھیس پہنچی ہے اور ان کی عزت نفس کو زک پہنچی ہے۔ عدالت سے راہل کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔راہل گاندھی نے رانچی میں 2019 کے لوک سبھا انتخابات اور کچھ دیگر ریلیوں کے دوران متنازعہ تبصرہ کیا تھا۔ انہوں نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ نیرو مودی، للت مودی، نریندر مودی، ان سب کے نام کالاحقہ ’ مودی‘ کیسے ہے؟ راہل گاندھی نے جب یہ تبصرہ کیا تو کانگریس صدر تھے۔ راہل گاندھی کے خلاف دیگر ریاستوں میں بھی مقدمات درج کیے گئے تھے۔ وہ پچھلے سال اسی بیان پر سورت کی ایک مجسٹریٹ عدالت میں پیش ہوئے تھے، اور معافی مانگنے سے انکار کر دیا تھا۔
