ساگر:گزشتہ تین چار روز سے ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں آبی نکاسی کیلئے لگائے گئے مین ہول پھٹ جانے اور پانی سڑک میں داخل ہو نے کی بات سامنے آئی ہے۔ شہر کے مارکیٹ روڈ میں سڑک کی کشادگی کے دوران نالیاں بند ہو گئی ہیں جس کے پیش نظر بارش کاپانی ضرورت سے زیادہ سڑک پر بہہ کر اطراف کی سڑکوں میں بھی داخل ہو گیا ہے۔نہرو نگر کے پہلے کراس میں مین ہول میں پانی بھر جانے کی وجہ سے مین ہول پھٹ پڑااورسڑک میں دراڑ پڑ گئی ہے۔ یہ واقعہ بدھ کی صبح پیش آیا اور مین ہول پھٹنے کی آواز سن کر پڑوسی حیران رہ گئے۔ بعض لوگوں نےزلزلہ کی جھوٹی خبریں پھیلانے کی کوشش بھی کی ہے ۔ مین ہول پھٹنے سے پانی آس پاس کے گھروں میں داخل ہوجانے کی بھی خبرملی ہے اور سڑک میں دراڑ پڑ گیاہے۔اس کے علاوہ مسلسل بارش کے باعث وارڈ نمبر 24 میںنور جہاں اور پرویز نامی ساکنوں کے دو گھر مکمل طور پرمنہدم ہوچکے ہیں اور خاندان بے گھر ہو گیاہے۔مکان گرنے کی آواز سن کرگھر والے فوراً باہر نکل آئے جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان پیش نہیں آیاہے۔حادثے کی خبر موصول ہونے کے بعد وارڈ کے میونسپل ممبرتصریف ابراہیم نے اس جگہ کا دورہ کیا جہاں موسلا دھار بارش کے باعث دو مکانات گر گئےتھے۔ میونسپل انتظامیہ جن خاندانوں کے گھر گرے ہیں انہیں فوری طور پر معاوضہ فراہم کیا جائے۔ پچھلے سال اپنے گھر کھونے والوں کو اب تک معاوضہ نہیں دیا گیا۔ انہوں نے درخواست کی ہے کہ میونسپل انتظامیہ ایسے معاملے میں متاثرین کی طرف سے کھڑی رہے۔شہر کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث چھوٹے موٹے حادثات پیش آئے۔ انتظامیہ کو متاثرین کیلئے فوری راحت پہنچانے کی مانگ کی گئی ہے۔
