شیموگہ: ۔کانگریس پارٹی کی قومی صدر سونیا گاندھی کے خلاف مرکزی حکومت کی بدلے کی کارروائی کو دیکھتے ہوئےضلع کا نگریس کی جانب سے آج بڑے پیمانے پراحتجاج کیا گیا ۔ شہر کےشیو پا نائک سرکل میں کانگریس پارٹی کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے راستہ روکا اور مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔اس موقع پر کانگریسیوں نے الزام لگایاکہ بی جے پی اپنا سیاسی انتقام لینے کیلئے کانگریس پارٹی کی قومی سربراہ سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کے خلاف ای ڈی کی کارروائی کرتے ہوئے جمہوری نظام کو کمزور کرنے کی کوشش کررہی ہے۔بی جے پی حکومت عوامی مفادات کو بحال رکھنے میں ناکام ہوئی ہے، اسلئے اپنی نا کامیوں کو چھپانے کیلئے وہ اپوزیشن جماعتوں کو سی بی آئی،ای ڈی اورآئی ٹی کے ذریعے سے ڈرانے کی کوشش کررہی ہے۔اس دوران احتجاجیوں کو پولیس نے اپنی تحویل میں لیکر احتجاج کو ختم کرنے کی کوشش کی ۔اس موقع پر مظاہرین نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت ای ڈی کا غلط استعمال کر رہی ہے ۔ ہم بی جے پی کی چالوں کے آگے نہیں جھکیں گے ۔ اچھے دن کے نام پرپچھلےآٹھ سالوں سے بی جے پی نے جھوٹ کا سہارالیکر حکومت کررہی ہے، فرقہ وارانہ فسادات میں ہزاروں لوگوں کا قتل عام کروایا ،چاہےای ڈی آئےیا آئی ٹی آئے یا بی جے پی کےڈنڈےہی کیوں نہ برسے، ہم سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کونقصان پہنچنے نہیں دینگے۔ کانگریس لیڈروں کو پولیس نے اس وقت گرفتار کرلیا جب انہوں نے شیوپا نائک سرکل سے ڈی سی آفس تک مارچ کیا اور ضلع ڈپٹی کمشنر کے دفتر کا محاصرہ کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی بی جے پی حکومت ای ڈی کا غلط استعمال کررہی ہے اور کانگریس پارٹی کے لیڈروں کو غیر ضروری طور پر ہراساں کر رہی ہے۔ نیشنل ہیرالڈ کیس میں اے آئی سی سی کی صدر سونیا گاندھی کو ای ڈی کا نوٹس جاری کرتے ہوئےسونیا گاندھی کے خلاف انتقام اور نفرت کی وجہ سے تحقیقاتی ایجنسیوں کا غلط استعمال کیا جارہا ہے۔اس احتجاج میں کے پی سی سی کے ورکنگ صدر دھروانارائن، سابق وزیر ایچ ایم۔ ریوانا، کے پی سی سی جنرل سکریٹری سید احمد، شیو مورتی نائک، ضلع کانگریس صدر ایچ ایس سندریش، سابق وزیر کیمانے رتناکر، سابق ایم ایل اےکے بی پرسننا کمار، آر پرسننا کمار، یمونا رنگےگوڑا ،سید وحید اڈو ،عارف خان عارو وغیرہ موجودتھے۔
