بنگلورو:۔ریاست میں زیر اقتدار بی جے پی نے آخر کار کابینہ کی توسیع کے طویل عرصے سے زیر التوا کام کو اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ہائی کمان نے اس معاملے پر فیصلہ کر لیا ہے اور اگست کے پہلے ہفتے تک توسیع کا امکان ہے۔اطلاعات کے مطابق وزیر اعلیٰ بسواراج بومائی 24 جولائی کو دہلی کا دورہ کرینگے اور توقع ہے کہ اعلیٰ قائدین کابینہ کی توسیع کیلئے ہری جھنڈی دکھائینگے۔اسمبلی انتخابات2023 کے پیش نظرکابینہ کی توسیع کامطالبہ کیاجارہاہے،کیونکہ اسمبلی انتخابات کیلئے 10 ماہ سے بھی کم وقت باقی ہے۔یہاں تک کہ جب راجیہ سبھا کے انتخابات ختم ہونے کا انتظار تھا، اور کچھ قائدین بروہت بنگلورو مہانگرا پالیکے کے انتخابات تک انتظار کرنے کو کہہ رہے تھے۔ریاستی کابینہ میں 5 جگہیں خالی ہیں اور پارٹی 10 نئے چہروں کو جگہ دینے کیلئے کوششیں کررہی ہے ۔ چونکہ اسمبلی انتخابات قریب ہیں، پارٹی خالی کابینہ کی نشستوں کوپُر کرنے کے ساتھ طے کرے گی۔ٹھیکیدار کی خودکشی پر استعفیٰ دینے والے سابق وزیر ایشورپا کو اب کلین چٹ مل گئی ہے،اس کے علاوہ سیکس سی ڈی اسکینڈل پر اپنے وزارتی عہدے سے سبکدوش ہونے والے جارکیہولی کو بھی خصوصی تحقیقاتی ٹیم سے کلین چٹ مل گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی، آنے والے اسمبلی انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے اور 2018 کے لوک سبھا انتخابات کی طرح 28 میں سے 25 ایم پی سیٹیں جیتنے کے کارنامے کو دہرانے کیلئے خواہاں ہے، ذرائع نے بتایا کہ اس میں سینئرلیڈروں کو جگہ دی جائیگی۔
