گدگ:۔ریاست کے گدگ ضلع سے ایک چونکا دینے والے واقعہ میں، ناگاوی اسکول میں اسکول کے طلباء کو بیت الخلا کی صفائی کرتے دیکھا گیا۔ واقعے کی ویڈیوسوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوگئی ہے۔اس واقعے کی ویڈیو مبینہ طور پر ایک باورچی نے شیئر کی تھی۔ ویڈیو 12 جولائی کو وجئے لکشمی چلوادی کے طور پر شناخت کرنے والے باورچی نے شوٹ کیا تھا۔یہ واقعہ گدگ کے ناگاوی کے سرکاری پرائمری اور ہائیر پرائمری اسکول میں پیش آیا۔دریں اثنا، گدگ میں محکمہ تعلیم نے اسکول کے بیت الخلاء کی صفائی کرنے والے کلاس 6 اور 7 کے طلباء کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد تحقیقات کا حکم دیا ہے۔طلباء کے والدین نے الزام لگایا ہے کہ اسکول انتظامیہ نے انہیں وقت پر نہ آنے کی سزا کے طور پر بیت الخلا صاف کرنے کو کہا۔وہیں محکمہ تعلیم نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔” ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ نے باورچی وجے لکشمی کے حوالے سے کہاکہ جب میں اسکول میں تھی، طالب علموں نے ٹوائلٹ صاف کرنے کے لیے بالٹی اور جھاڑو کے لیے مجھ سے رابطہ کیا، طالب علموں نے مجھے بتایا کہ اساتذہ نے انہیں ایسا کرنے کے لیے کہا ہے۔میں نے سوچا کہ یہ صحیح نہیں ہے۔ اور اس طرح میں نے واقعہ ریکارڈ کر لیا۔ اور اسے واٹس ایپ میں شیئر کیا،جیسے ہی ویڈیو وائرل ہوا، باورچی کو ویڈیو شیئر کرنے پر سینئر حکام کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا۔سوشل میڈیا پر اسکولی طلبہ کی جانب سے اسکول کے بیت الخلاء کی صفائی کا ویڈ یو وائرل ہونے کے بعد اسکو ل انتظامیہ کے خلاف سخت ناراضگی کا اظہار کیا جارہا ہے اور خاطی افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
