سمستی پور۔یکم؍ اگست: بہار کے سمستی پور میں ماب لنچنگ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ضلع کے وبھوتی پور تھانہ علاقے میں گاؤں والوں نے ایک نوجوان کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ہلاک شخص بیل چوری کرنے کے ارادے سے آیا تھا اور لوگوں نے اسے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور بے دردی سے پٹائی کردی جس کی وجہ سے نوجوان کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق معاملہ وبھوتی پور تھانہ علاقہ کے چکحبیب وارڈ نمبر 9 کا ہے، جہاں یکم اگست کی رات ایک بجے سکھ لال ساہنی کے گھر پہنچے تین افراد مبینہ طور پر بیل چوری کر رہے تھے۔ اس دوران گھر کے مالک اور آس پاس کے لوگوں کو اس کا علم ہوا۔ پھر سب نے مل کر ایک شخص کو پکڑ کر اسے بری طرح پیٹا جس میں اس کی موت ہوگئی۔ اسی دوران اس کے دو ساتھ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ یہ واقعہ یکم اگست کی رات ایک بجے پیش آیا۔ متوفی نوجوان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ ویڈیو کی بنیاد پر لوگوں کو نشان زد کیا جا رہا ہے۔ اس معاملے میں ابھی تک کوئی شکایت درج نہیں کرائی گئی ہے۔ تاہم پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔متوفی کا نام مستقیم عرف بھولا بتایاجارہا ہے۔وہ بیگوسرائے ضلع کے مفصل تھانہ علاقہ کے ایگھ گائوں کا باشندہ تھا۔
