مشہور ماہر امراض قلب ڈاکٹر کے کے اگروال کی کورونا سے موت 

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔پدم شری یافتہ مشہور ماہر امراض قلب ڈاکٹر کے کے اگروال کی کورونا وائرس کی وجہ سے موت ہوگئی ۔ وہ 62 سال کے تھے۔ یہ معلومات اگروال کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک بیان میں دی گئیں۔انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے) کے سابق قومی صدراگروال کو گذشتہ ہفتے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں داخل کیا گیا تھا اور وہ وینٹی لیٹر پر تھے۔دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اگروال کی موت کو پورے ملک کے لئے بہت بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ کجریوال نے کہا کہ ڈاکٹر کے کے اگروال کی موت پورے ملک کے لئے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے ساری زندگی غریبوں اور محروم لوگوں کے صحت کے حقوق کے لئے کام کیا۔ وہ ایک بہت ہی اچھے انسان تھے۔ ایک بیان کے مطابق کورونا سے  طویل جنگ لڑنے کے بعد اگروال نے پیر کی شب ساڑھے گیارہ بجے آخری سانس لی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی وبائی کے دوران بھی انہوں نے لوگوں کو تربیت دینے کے لئے مستقل کوششیں کیں، انہوں نے بہت ساری ویڈیوز اور تعلیمی پروگراموں کے ذریعے 10 کروڑ لوگوں تک رسائی حاصل کی اور بہت سی جانوں کو بچایا۔ وہ چاہتے تھے کہ انہیں خوش ہو کر یاد کیا جائے ۔کے کے اگروال کے خاندان میں ان کی اہلیہ ڈاکٹر وینا اگروال، بیٹا نلیش اور بیٹی نینا ہیں۔ اگروال کو 2010 میں ملک کا چوتھا سب سے بڑا شہری اعزاز پدم شری سے نوازا گیا تھا۔ انہیں ڈاکٹر بی سی رائے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ اگروال 5 ستمبر 1958 کو دہلی میں پیدا ہوئے ۔