دہلی:۔ سپریم کورٹ نے مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کارکنوں کے مبینہ قتل کے معاملات کی جانچ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ایس سی نے اس معاملے میں مغربی بنگال اور مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیا ہے۔ جسٹس وینایت سرن اور جسٹس بی آر گگوئی کی بنچ نے بی جے پی کارکن ابجیت سرکار کے بھائی کی درخواست کی سماعت کی۔ درخواست میں ایس آئی ٹی کے ذریعہ اس کے بھائی اور بوتھ ورکر ہران ادھکاری کے مبینہ قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔درخواست میں مغربی بنگال انتخابات کے بعد ہونے والے مبینہ تشددکی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ یہ تشدد ٹی ایم سی کے کہنے پرہوا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ 2 مئی کو مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے نتائج کا آغاز ہوتے ہی کولکاتہ میں تشدد کا آغاز ہوا۔درخواست گزار کی جانب سے سینئر ایڈوکیٹ مہیش جیٹھ ملانی نے کہاہے کہ یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے ، اس کیس میں دوچشم دیدگواہ بھی موجودہیں لیکن پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ اس معاملے میں سی بی آئی یا ایس آئی ٹی کی تحقیقات ہونی چاہئیں ، یہ قتل اس وقت ہوا جب بنگال میں انتخابی نتائج کا اعلان کیا گیا تھا۔ کیس کی سماعت اگلے منگل کو ہوگی۔ سپریم کورٹ نے درخواست گزار سے کہاہے کہ وہ اس کی کاپی مرکز اور بنگال حکومت کو دیں۔
