دہلی:۔ اڈانی گروپ این ڈی ٹی وی میڈیا گروپ میں 29.18 فیصد حصہ خریدیگا۔ یہ سودا اڈانی گروپ کی کمپنی اے ایم جی میڈیا نیٹ ورک کے ذریعے کیا جائیگا۔ یہ حصولAMG میڈیا نیٹ ورک لمیٹڈ (AMNL) کی ذیلی کمپنیVPCL کے ذریعے کیا جائیگا۔ اڈانی میڈیا نیٹ ورک کے سی ای او سنجے پگلیہ نے ایک خط جاری کرکے یہ اطلاع دی۔اڈانی گروپ کے اے ایم جی میڈیا نے بھی این ڈی ٹی وی میں اضافی 26 فیصد حصص کی پیشکش کی ہے۔ اڈانی گروپ نےNDTV میں 26 فیصد حصص کے لیے 294 روپے فی شیئر کی شرح سے 493 کروڑ روپے کی کھلی پیشکش کی ہے۔ اس کے بعد منگل کو این ڈی ٹی وی کے حصص 5 فیصد بڑھ کر 376.55 روپے پر بند ہوئے۔اڈانی گروپ نے 26 اپریل 2022 کو اے ایم جی میڈیا نیٹ ورک لمیٹڈ کے نام سے ایک کمپنی بنائی تھی۔ اس میں میڈیا کے کاروبار کو چلانے کے لیے ایک لاکھ روپے کا ابتدائی مجاز اور ادا شدہ حصص سرمایہ فراہم کیا گیا ہے۔ اس میں پبلشنگ، ایڈورٹائزنگ، براڈکاسٹنگ سمیت میڈیا سے متعلق کام شامل کیا جائیگا۔بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق، گوتم اڈانی کی کل مالیت اس وقت تقریباً 8 لاکھ کروڑ روپے ہے۔ حال ہی میں اڈانی گروپ نے امبوجا اور اے سی سی سیمنٹ کمپنیوں میں حصہ داری دنیا کی سب سے بڑی سیمنٹ کمپنی ہولسیم سے تقریباً 81 ہزار کروڑ روپے میں خریدی۔ کوئلے اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق منصوبوں میں طویل عرصے تک سرمایہ کاری کرنے کے بعد، اڈانی گروپ اب اپنے کاروبار کو رائس برانڈ سے لیکر ٹریول پورٹلز، میڈیا گروپوں کے حصول، سبز توانائی اور سیمنٹ کمپنیوں تک مختلف شعبوں میں متنوع بنا رہا ہے۔ بلومبرگ کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق، پچھلے سال میں، گروپ نے 1.31 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کے 32 سودے کیے ہیں، جس سے یہ ایشیا پیسفک خطے میں سب سے بڑے لین دین کے گروپوں میں سے ایک ہے۔
