بنگلورو:۔ کنٹراکٹرس کی اسوسی ایشن کے صدر کیمپنا کی قیادت میں ٹھیکے داروں کے ایک وفد نے اپوزیشن لیڈر سدارامیا سے ملاقات کی اور بات چیت کی۔ اس وفد نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھا تھا جس میں ریاستی حکومت کے خلاف 40 فیصد کمیشن کا الزام لگایا گیا تھا۔ سدارامیا سے ملاقات کے ذریعہ ریاستی حکومت کی جانب سے 40 فیصد کمیشن خوری کا معاملہ دوبارہ زندہ ہوگیا ہے۔ ریاستی حکومت کے خلاف جدوجہد کے ایک اور دور کی تیار ی کررہی ٹھیکیداروں کی اسوسی ایشن نے سدارامیا سے بات چیت کی ہے۔ ساتھ ہی وزیر اعظم مودی کو ایک اور خط لکھنے کی تجویز بھی دی ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر ملک سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے اپنی تقریر میں بدعنوانی کا ذکر کیا اور کہا کہ بدعنوانی ملک کا سب سے بڑا خطرہ اور دشمن ہے۔ کیمپنا نے مودی کے حوالے سے مبارکبادی خط لکھنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے علاوہ ڈیڑھ سال بعد بھی ٹھیکیدار کی طرف سے دی گئی شکایت پر آپ نے کیا کارروائی کی؟ یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے وزیر اعظم سے سوال کیا جائیگا۔ اس طرح اس وفد نے کمیشن خوری کے خلاف ریاستی اور مرکزی حکومت کے خلاف الزامات اٹھانے کی تجویز پیش کی۔
