ای ڈی نے کانگریس صدر ڈی کے شیوکمار کوکیا طلب 

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
 بنگلور:۔ کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار کو ای ڈی نے طلب کیا ہے۔ شیوکمار نے ای ڈی کے سمن کے بارے میں کہا ہے کہ انہیں بھارت جوڑو یاترا اور اسمبلی اجلاس کے دوران پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ای ڈی کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں، لیکن اس سمن کی ٹائمنگ اور انہیں جس طرح کی ہراسانی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، وہ ان کے آئینی اور سیاسی فرائض کے درمیان آرہے ہیں۔ خیال رہے کہ شیوکمار کانگریس کی کرناٹک یونٹ کے صدر ہیں۔ انہیں ای ڈی نے منی لانڈرنگ کیس میں طلب کیا ہے۔ ان کے خلاف سال 2018 میں منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ شیوکمار پر مبینہ ٹیکس چوری اورحوالہ کے ذریعے کروڑوں روپے کے لین دین کا الزام ہے۔ای ڈی نے 3 ستمبر 2019 کو اس معاملے میں شیوکمار کو بھی گرفتار کیا اور 23 اکتوبر 2019 کو دہلی ہائی کورٹ سے ضمانت ملی تھی ۔ تاہم ڈی کے شیوکمار نے خود پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد اور سیاسی محرک قرار دیا تھا۔اس کے علاوہ ای ڈی نے اس معاملہ میں شیوکمار کی بیٹی ایشوریہ اور کانگریس ایم ایل اے لکشمی ہیبلکر سمیت کئی لوگوں سے بھی پوچھ گچھ کی تھی، اس سے پہلے مئی میں شیوکمار کو عدالت نے طلب کیا تھا۔