شیموگہ: کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر اورمینی فیسٹو، پالیسی اوردوراندیشی کمیٹی 2023 کے نائب صدر اور نو منتخب کے پی سی سی شعبہ پسماندہ طبقات کے صدر مدھو بنگارپا کا آج شہر شیموگہ میں شاندار انداز میں استقبال کیا گیا۔شہر کے ایم آر ایس سرکل سے ایک بائک ریالی کے ذریعہ انہیں ضلع کانگریس دفتر تک لایا گیا۔ بعد میں کانگریس کے دفتر میں منعقدہ نشست میں سابق وزیر کے پی سی سی کے نائب صدر ایچ ایم ریونا نے کہا کہ ضلع میں کانگریس دوبارہ تمام سیٹوں پر یقیناحاصل کریگی۔شیموگہ ضلع ایک ایسا ضلع ہے جہاں سماجی انصاف کی فکر اور جدوجہد پر زور دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس اب بھی لوگوں کے ذہنوں میں مضبوط ہے۔میں بھارت جوڑو یاترا کا شیموگہ ضلع انچارج ہوں۔ یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ شیموگہ ریاست کرناٹک کی سیاسی مرکزی مقام ہے۔ بی جے پی حکومت جو کہ بڑے پیمانے پر بدعنوانی اور گھوٹالوں کی حکومت ہے جس کو ہٹا کر ضلع میں کانگریس کو مضبوطی سے منظم کرنے کی ضرورت ہے۔مدھو بنگارپا چونکہ ایک قابل انسان ہیں اسی لئے اعلیٰ کمان نے انہیں ایک بڑی ذمہ داری سونپی۔ ان کے کام کا دائرہ صرف شیموگہ ضلع تک محدود نہ رہے بلکہ پوری ریاست میں پھیلایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو یکساں زندگی اور سب کیلئے یکساں حصہ داری کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔ انہوں اس بات کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ایک موقع تھا جب وزیر اعظم نریندر مودی نے انتخابی تشہیر کے دوران الزام لگایا تھا کہ سدارامیا کی حکومت 10پرسنٹ کی حکومت ہے۔ جبکہ موجودہ بی جے پی حکومت 40 پرسنٹ کی حکومت ہے یہ ثابت ہوگیا ہے۔ کنٹرایکٹر اسوسیشن کے صدر کیمپنا نے شواہد کے ساتھ اس بات کا الزام لگایا ہے۔ غیر قانونی ہونے کا ریکارڈ مانگنے والوںکیلئے واحدگواہ ایشورپا ہی کافی ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا اس سے زیادہ شواہد کی ضرورت ہے؟۔ انہوں نے بتایاکہ کانگریس پارٹی نے راہول گاندھی کی قیادت میں کنیا کماری سے کشمیر تک 3600 کلومیٹر بھارت جوڑو یاترا شروع کردی ہے۔ جس کا مقصد ملک میں معاشی عدم مساوات، سماجی عدم مساوات اور سیاسی تناؤ سے نجات حاصل کرنا ہے۔ بھارت جوڑو یاترا کی ابتدائی میٹنگ 26 اور 27 کو شیموگہ میں ہوگی۔شیموگہ ضلع میں یاترا نہیں آئے گی بلکہ یاترا پڑوسی ضلع چتردرگا میں چلکیرے اور ہیریور کے راستے پر چلائی جائے گی اور کارکنان کو بڑی تعداد میں شرکت کرنے کی گزارش کی گئی۔اس موقع پر اسٹیج پر موجود سبھی نے ’’پے سی ایم‘‘ کے پرچے دکھا کر بی جے پی حکومت پر تنقید کی گئی۔اس موقع پر سابق وزیر کاگوڑ تمپا، کیمنے رتناکر، شیومورتی نائک، کانگریس ضلعی صدر ایچ ایس سندریش،سابق رکن اسمبلی بیلورو گوپال کرشنا وغیرہ موجودتھے۔
