ممبئی:۔ ممبئی پولیس کی انسداد بھتہ خوری برانچ کی ایک ٹیم نے پیر کو انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے قریبی تاجر ریاض بھاٹی کو بھتہ خوری سے متعلق ایک معاملے میں گرفتار کیا۔ پولس حکام نے پیر کو یہ جانکاری دی۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ بھاٹی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کے انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے ساتھ تعلقات ہیں اور وہ ورسووا پولیس اسٹیشن میں درج ایک بھتہ خوری کے مقدمے میں مطلوب تھا۔ پولیس افسر کے مطابق ریاض بھاٹی اور محمد سلیم اقبال قریشی عرف سلیم فروٹ نے دراصل ورسووا کے ایک تاجر کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ یہ دونوں داؤد ابراہیم اور چھوٹا شکیل کے قریبی رشتہ دار بتائے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بھاٹی اور سلیم فروٹ کے تاجر سے 30 لاکھ روپے مالیت کی کار اور 7.5 لاکھ روپے نقدی برآمد کر لی۔ انہوں نے کہا کہ ابراہیم کے قریبی ساتھی چھوٹا شکیل اور شکیل کے رشتہ دار سلیم فروٹ کو بھی ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے۔ ممبئی کرائم برانچ کے انسداد بھتہ خوری سیل (اے ای سی) نے ملزم کو اندھیری ویسٹ سے گرفتار کیا ہے۔ اہلکار نے بتایا کہ بھاٹی کو اے ای سی کے دفتر میں پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کیا گیا۔ ملزم کو آج بروز منگل 27 ستمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ بھاٹی اس سے قبل بھتہ خوری، زمینوں پر قبضے اور فائرنگ سمیت کئی مقدمات میں گرفتار ہو چکا ہے۔ اہلکار نے بتایا کہ اس نے 2015 اور 2020 میں بھی جعلی پاسپورٹ کا استعمال کرتے ہوئے ملک سے فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔انہوں نے کہا کہ چھوٹا شکیل کے رشتہ دار سلیم کو اس سے قبل ڈی کمپنی سنڈیکیٹ کے خلاف ایک کیس میں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے گرفتار کیا تھا۔ اہلکار نے بتایا کہ سلیم عدالتی تحویل میں ہیں۔ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔
