کرناٹک میں چوروں کی حکومت چل رہی ہے : راہول گاندھی 

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر نیشنل نیوز
میسور : دیش بھگتی اور مذہب کے نام پر 40 فیصد کمیشن حاصل کرتے ہوئے لوٹ کرنے والی کرناٹک کی حکومت چوروں کی حکومت ہے ، اس بات کااظہار کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے کیاہے ۔ انہوںنے بھارت جوڑو یاترا کے دوسرے دن میسور کے ورونا اسمبلی حلقے کے چترا دیہات میں عوامی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیش بھگتی اور مذہب کے نام پر کوئی تیسرا شخص آپ کے گھروں کو توڑنے کا کام کررہاہے اور 40 فیصد کمیشن لے کر چوری کررہا ہے ۔ اس سلسلے میں ٹھیکیدار کمپنا نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر مسئلے کو حل کرنے کے لئے گزارش کی ہے باوجود اسکے انکے مسائل کا حل نہیں نکالاگیا ہے ۔ ریاست میں پی یس آئی گھوٹالہ ، کے پی یس سی گھوٹالہ ، یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسروں کی تقرری کا گھوٹالہ سمیت کئی طرح کے گھوٹالے سرعام ہوچکے ہیں ۔ ان گھوٹالوں کے تعلق سے تحقیقات کرنے کی حیثیت حکومت کو نہیں ہے کیونکہ ان گھوٹالوں کا ایک حصـہ انکی ہی تنظیم کو پہنچ رہاہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد کسانوں ، مزدوروں اور غریبوں کے مسائل بڑھ چکے ہیں ، تمام قیمتیںبڑھائی گئی ہیں ، حکومت کاخزانہ خالی ہوچکا ہے اور اس خزانے کو بھرنے کے لئے وہ عوام پر افزود ٹیکس عائد کررہے ہیں ۔ یو پی اے حکومت کے دوران گیس کی قیمت 400 روپئے تھی اب یہ قیمت 1050 روپئے ہوچکی ہے ایسے میں بچے ہوئے 600 روپئے کس کے جیب میں جارہے ہیں ۔ پٹرول کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہواہے یہ پیسہ بھی کس کے جیب میں جارہاہے ۔ کورونا کے وقت لاکھوں لوگ ہلاک ہوئے ہیں ، انکی ہلاکت پر کم ازکم اخلاقی بنیادوں پر وزیر اعظم نریندر مودی افسوس ظاہر نہیں کیا بلکہ کوروناکے نام پر امیروں کا جیب بھرنے کا کام وزیر اعظم نریندر مودی نے کیاہے۔ جس وقت کسان مشکل دور سے گزر رہے ہیں اسی وقت تین زراعتی قانون کو نافذ کرتے ہوئے کسانوں پر ظلم ڈھا یا جارہاہے ۔ کسانوں کے کھاتوں میں پیسہ جمع کرنے کی بات کرتے ہوئے کسانوں کو دھوکا دیا جارہاہے ۔ نوجوانوں کو روزگار مہیا کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھالیکن انہیں روزگار نہیں دیا گیا ۔ ریاستی حکومت 13 ہزار تعلیمی اداروں میں رشوت لے کر انتظامیہ چلارہی ہے ۔ یہ کھلی لوٹ مار ہے ، ایسی حکومت سے محتاط رہنے کی اشد ضرورت ہے ۔ ریاستوں میں پھیلی ہوئی بدعنوانی کے تعلق سے بیداری لانے کیلئے کنیا کماری سے لیکر کشمیر تک کی پیدل یاترا کی جارہی ہے ۔ مزید انہوںنے کہا کہ ہم جہاں بھی جارہے ہیں عوام کاہجوم ہمارے ساتھ ہورہاہے ، یہاں جمع ہونے والے لوگوں کو دیکھ کر ہمیں خوشی ہورہی ہے ، ہر دن 25-30 کلومیٹر کی یاتراہم کررہے ہیں اور اسکے لئے تمام کے نیک خواہشات درکار ہیں ۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر سدھرامیا، کے پی سی سی صدر ڈی کے شیوکمار ، کانگریس کے ریاستی نگران رندیپ سنگھ سرجے والا ، ریاستی کارگزار صدر دھروا نارائن ، سلیم احمد ، ایشور کھنڈرے ، رکن اسمبلی ڈاکٹر یتیندر سدھرامیاوغیرہ موجود تھے ۔