دہلی:۔ملیکارجنا کھرگےنے کانگریس صدر کے عہدے کیلئے7897 ووٹوں کے فرق سے انتخاب جیتا ۔ ووٹوں کی گنتی بدھ کی صبح 10 بجے دہلی میں کانگریس ہیڈکوارٹر میں شروع ہوئی تھی۔ اس کے ساتھ ہی 24 سال بعد گاندھی خاندان سے باہر کے لیڈر کو پارٹی کا صدر منتخب کیا گیا۔ کانگریس لیڈر پرمود تیواری نے بتایا کہ کھرگے کو 7 ہزار 897 ووٹ ملے۔ اس کے ساتھ ہی ششی تھرور کو صرف ایک ہزار 72 ووٹ مل سکے۔ 416 ووٹ مسترد ہوئے۔ حالانکہ ووٹوں کی گنتی کے درمیان راہل گاندھی نے بتا دیا تھا کہ پارٹی کا نیا صدر کون ہوگا۔ کھرگے 8 گنا زیادہ ووٹوں سے جیت گئے صدر کے عہدے کیلئے پارٹی کے سینئرلیڈر ملیکارجنا کھرگے اور ششی تھرور کے درمیان مقابلہ تھا۔ کانگریس کے قومی صدر کے انتخاب کیلئے17 اکتوبر کو ووٹنگ ہوئی تھی۔صدر کے انتخاب میں کانگریس صدر سونیا گاندھی، سابق صدر راہل گاندھی اور کئی سینئر لیڈروں سمیت تقریباً 9500 مندوبین نے ووٹ دالے تھے۔ پیر کو تقریباً 96 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی تھی۔کانگریس پارٹی کی تاریخ میں چھٹی بار صدر کے عہدے کے لیے انتخابات ہوئے ہیں۔ صدر کے عہدے کے لیے اب تک 1939، 1950، 1977، 1997 اور 2000 میں انتخابات ہو چکے ہیں۔ اس بار 22 سال بعد صدر کے عہدے کے لیے انتخابات ہو رہے ہیں۔یاد رہے کہ 24 سال بعد گاندھی خاندان سے باہر کے لیڈر کو کانگریس پارٹی کا صدر منتخب کیا جائے گا۔ اس سے پہلے سیتارام کیسری غیر گاندھی صدر رہ چکے ہیں۔کانگریس کے صدارتی امیدوار ملیکارجنا کھرگے نے اتوار کو کہا تھا کہ اگر وہ منتخب ہوئے تو پارٹی کے معاملات میں گاندھی خاندان کے مشورے اور تعاون لینے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے کیونکہ اس خاندان نے بہت جدوجہد کی ہے اور ملک کی ترقی میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔کانگریس صدر کے انتخاب کے نتائج سے پہلے کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر داخلہ پی چدمبرم نے کہا کہ جو بھی کانگریس کا صدر بنے گا، لیکن اسے گاندھی خاندان کی بات ماننی ہوگی۔راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے نتیجہ سے قبل میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ تجربے کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ ملیکارجنا کھرگے کا طویل تجربہ ہے۔ ششی تھرور کے پاس بین الاقوامی تجربہ ہے، جو بھی جیتے گا، کانگریس جیتے گی۔ملیکارجنا کھرگے اور تھرور دونوں نے اس بات پر زور دیا تھا ہے کہ پارٹی میں گاندھی خاندان کا ایک خاص مقام ہے۔ تھرور نے کہا کہ کوئی بھی کانگریس صدر گاندھی خاندان سے دوری رکھ کر کام نہیں کر سکتا کیونکہ ان کا ڈی این اے پارٹی کے خون میں چلتا ہے۔گاندھی خاندان کی قربت اور کئی سینئرلیڈروں کی حمایت کی وجہ سے ملیکارجنا کھرگے کا دعویٰ مضبوط مانا جا رہا ہے لیکن ششی تھرور کی وجہ سے مقابلہ سخت مانا جا رہا ہے۔ووٹوں کی گنتی کے دوران تھرور کے چیف الیکشن کمپینر سلمان سوز نے اتر پردیش، پنجاب اور تلنگانہ میں ووٹنگ سے پہلے، اس کے دوران اور بعد میں بے ضابطگیوں کا الزام لگایا تھا۔ سوج نے کہا تھا کہ انہوں نے پارٹی کے الیکشن انچارج مدھوسودن مستری کو اس بارے میں مطلع کر دیا ہے۔بھارت جوڑو یاترا میں آندھرا پردیش پہنچنے والے راہل گاندھی نے کہاکہ ’’کانگریس واحد پارٹی ہے جس میں انتخابات ہوتے ہیں اور اس کا اپنا الیکشن کمیشن ہے۔ میں نے کانگریس الیکشن کمیٹی کے چیئرمین مدھوسودن مستری کے ساتھ کام کیا۔ وہ ایک بہت صاف گو مقرر ہیں۔ تمام مسائل ان کے نوٹس میں لائے گئے ہیں اور وہ کارروائی کریں گے۔ ہر کوئی کانگریس میں انتخابات کے بارے میں پوچھتا ہے۔ مجھے کانگریس پر فخر ہے، جس میں کھلے اور شفاف انتخابات ہو رہے ہیں۔ کوئی بھی دوسری پارٹیوں کے اندر انتخابات میں دلچسپی کیوں نہیں لیتا، چاہے وہ بی جے پی ہو یا دیگر علاقائی پارٹیاں؟
