بھارت جوڑو یاترا:ملک بھاجپا کی دھوکہ دہی کو نہیں بھول سکا ہے:راہل گاندھی

نیشنل نیوز
حیدرآباد:۔کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے تلنگانہ کے سنگاریڈی میں مرکز کی مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے پی ایم نریندر مودی سے کہا ہے کہ وہ فوجیوں کی قربانی کو بھول گئے ہیں۔راہل گاندھی نے اپنی تقریر کا ایک ویڈیو کلپ ٹوئٹ کیا اور لکھا کہ’ نہ کوئی گھس آیا ہے‘ کے جھوٹ سے وزیر اعظم نے کرنل سنتوش بابو جیسے ہیروکی قربانیوں کو برباد کر دیا لیکن، ہندوستان اپنے شہیدوں کو نہیں بھولا، اور نہ ہی کبھی بھولے گا اور بی جے پی کی دھوکہ دہی کو بھی بھول  نہیں سکتا ہے۔کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے جمعرات (3 نومبر) کو الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستانی علاقے میں چینی دراندازی کے بارے میں جھوٹ بول کر 2020 میں چینی فوجیوں کے ساتھ جنگ کے دوران شہید ہونے والے کرنل سنتوش بابو کی شہادت کی توہین کی ہے۔ یہ دعویٰ بھی کیا کہ چین اب بھی تقریباً دو ہزار مربع کلومیٹر ہندوستانی زمین پر قابض ہے جو کہ دہلی کے رقبے سے زیادہ ہے۔کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا کہ آپ سنتوش بابو کو یاد کرتے ہیں، جنہوں نے ملک کے لیے اپنی جان قربان کی۔ میں آپ کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ سنتوش بابو کی شہادت کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے لوگوں سے کہا تھا کہ چین نے ہندوستانی سرزمین پر قبضہ نہیں کیا ہے۔کرنل سنتوش بابو، 16 بہار رجمنٹ کے کمانڈنگ آفیسر، ان 20 ہندوستانی فوجیوں میں شامل تھے جو 15 جون 2020 کو مشرقی لداخ کی وادیٔ گلوان میں چینی فوجیوں  کے ساتھ پرتشدد جھڑپ میں شہید ہوئے تھے۔ اس پر پی ایم مودی کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر چین نے ہندوستانی علاقے پر قبضہ نہیں کیا ،تو سنتوش بابو شہید کیسے ہو گئے؟ وزیر اعظم نے سنتوش بابو کی توہین کی ہے۔