بی جے پی کو لیکر آرایس ایس پریشان

سلائیڈر نیشنل نیوز

دہلی:۔آرایس ایس اترپردیش میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کو لے کر سنجیدہ ہے۔ اسی بنیاد پر آرایس ایس نے ایک میٹنگ کی ، جس میں وزیر اعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے بھی شرکت کی۔ اس میٹنگ میں اتر پردیش میں کرونا کے اثرات اور انتخابات پر اس کے ممکنہ اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ دہلی میں اس اجلاس کے بعد پارٹی سطح پر بڑے فیصلے لئے جاسکتے ہیں۔کیوں کہ یوپی میں انتخابات سے قبل پارٹی کی شبیہ کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی کرنا ہے۔ اس میٹنگ میں آرایس ایس کے دتاتریہ ہوس بولے ، یوپی میں پارٹی سربراہ سنیل بنسل بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق کرونابحران میں لوگوں کے نزدیک بی جے پی کی شبیہ منفی پیدا ہوگئی ہے ، اس میٹنگ میں اسی کو لے کر تبادلہ خیال کیا گیاہے۔کورونا کی دوسری لہر کے دوران مودی پراپوزیشن کے مستقل حملوں سے بی جے پی پریشان ہے۔ دوسری لہر نے ملک میں بڑی تباہی مچائی ہے ،طبی انتظامات کو لے کر حکومت کی ناقص تیاریوں کا انکشاف کردیا ہے۔ اس کے علاوہ ، ویکسین ، آکسیجن ، بیڈ اور دوائیوں کی کمی نے خامیوں کو اجاگر کیا ہے۔خیال رہے کہ اترپردیش کورونا سے متاثرہ ریاستوں میں شامل ہے، یوپی گنگا میں بہتی لاشوں نے ریاست میں ہونے والی اموات کی سچائی کو سب کے سامنے رکھ دیا ہے۔الغرض بی جے پی صدر جے پی نڈا نے گذشتہ ہفتے بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں کو ایک خط بھیجا تھا، اس میں انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ مودی کے دور اقتدار کے 7 سال مکمل ہونے کے بعد 30 مئی کو کسی تقریب کا انعقاد نہ کریں۔ جے پی نڈا نے یہ بھی کہا کہ اس موقع پر پارٹی کارکنان سماجی کام کریں۔