جے پوربم دھماکہ کیس: ہائی کورٹ میں سماعت مکمل، فیصلہ تحریری دلائل کے بعد

نیشنل نیوز

جے پور: ریاستی حکومت کے ڈیتھ ریفرنس اور 13 مئی 2008 کو جے پور شہر میں ہوئے سلسلہ وار بم دھماکوں کے چاروں ملزمین کو سنائی گئی موت کی سزا سے متعلق ہائی کورٹ میں ملزمین کی طرف سے پیش کی گئی کل 28 اپیلوں پر سماعت مکمل ہو چکی ہے۔عدالت نے فریقین سے تحریری دلائل طلب کر لیے۔ تحریری دلائل کے بعد عدالت اپنا حکم سنائے گی۔ جسٹس پنکج بھنڈاری اور جسٹس سمیر جین کی ڈویژن بنچ نے اس معاملے کی 48 دن تک سماعت کی۔ ہائی کورٹ کے وکلاء کی ٹیم جس میں سپریم کورٹ اور دہلی ہائی کورٹ کے سینئر وکیل بھی شامل ہیں۔اس کیس میں ملزم کی طرف سے پیش ہوئے۔ قابل ذکر ہے کہ پولیس نے اس کیس میں شہباز حسین، محمد سیف، سیف الرحمان، سرور اعظمی اور سلمان کو گرفتار کیا تھا۔ 18 دسمبر 2019 کو خصوصی عدالت نے شہباز حسین کو بری اور دیگر 4 ملزمان کو سزائے موت سنائی تھی۔خصوصی عدالت کے فیصلے کے تقریباً آٹھ ماہ بعد استغاثہ نے چاندپول ہنومان مندر کے قریب سے ملنے والے زندہ بم کے سلسلے میں پانچ ملزمان کے خلاف چارج شیٹ پیش کی تھی۔ اس چارج شیٹ میں ہائی کورٹ نے شہباز حسین کو 25 فروری کو ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔