انٹیگواسے غائب ہوا بھگوڑا ہیرا تاجر میہل چوکسی

سلائیڈر نیشنل نیوز

دہلی:۔بھگوڑا ہیرا تاجر میہل چوکسی انٹیگوااور باربوڈا سے غائب ہوگیا ہے۔ چوکسی کے وکیل وجے اگروال نے اس کی تصدیق کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق چوکسی کے وکیل وجے اگروال نے کہا کہ ہیرا تاجر کے لاپتہ ہونے پر ان کا کنبہ پریشان ہے اور مجھے اس پر بات کرنے کے لئے بلایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اینٹیگواپولیس فی الحال اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے ، لیکن اہل خانہ چوکسی کی سلامتی کو لے کر پریشان ہیں۔رائل پولیس فورس نے بتایا کہ چوکسی کی تلاش میں پولیس نے اس کی تصویر کے ساتھ ایک بیان جاری کیا ہے تاکہ لوگوں سے اس کے بارے میں معلومات حاصل کرسکیں ، بیان میں کہا گیا ہے پولیس جولی ہاربر کے رہائشی 62 سالہ میہل چوکسی کے غائب ہونے کے معاملے کی تحقیقات کر رہی ،چوکسی کے غائب ہونے کی شکایت جانسن پوائنٹ پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی ہے۔ وہ اتوار 23 مئی 2021 سے غائب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چوکسی کو آخری بار اتوار کو اس کی کار میں دیکھا گیا تھا۔ پولیس نے کار توبرآمد کرلی ہے لیکن چوکسی کے بارے میں کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔اینٹیگواسے میہل چوکسی کے لاپتہ ہونے کی خبر ملنے کے بعد سی بی آئی بھی حرکت میں آگئی ہے۔ سی بی آئی ابھی تک اس بات کا پتہ لگارہی ہے کہ اینٹیگواسے میہل چوکسی کے لاپتہ ہونے کی خبریں صحیح ہیں یا نہیں ، سی بی آئی اینٹیگواسفارتخانے سے رابطہ کرکے اس حقیقت کی چھان بین کررہی ہے۔ اگر یہ رپورٹ درست ثابت ہوئی تو سی بی آئی سفارتی چینلز اور انٹرپول کے ذریعہ میہل سوکسی کے لوکیشن کو معلوم کرنے کی کوشش کرے گی۔اینٹیگوامیڈیا کے مطابق پولیس نے چوکسی کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ موصولہ معلومات کے مطابق چوکسی آئی لینڈ کے جنوبی علاقے کے ایک مشہور ریستوراں میں کھانے کے لئے شام کو اپنے گھر سے نکلا تھا اور اس کے بعد اس کو کسی نے نہیں دیکھا ،مقامی میڈیا کے مطابق اس کی گاڑی کو کل رات جولی ہاربر میں تلاش کیا گیا لیکن اب تک اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ تاہم پولیس کی طرف سے ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔