بھٹکل انجمن گرلس ہائی اسکول کی گولڈن جُوبلی تقریب: دو طالبات کوملا”بتول انجمن "کا گولڈ میڈل

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بھٹکل:۔انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کی سرپرستی میں 1971ء میں قائم کردہ انجمن گرلس ہائی اسکول بستی روڈ میں 13نومبر 2022 کو گولڈن جوبلی کے افتتاحی جلسہ میں امسال اور گذشتہ سال کی ہونہار طالبات کو بتول انجمن گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔گذشتہ سال چونکہ کووڈ کی وجہ سے ایوارڈ تقریب منعقد نہیں کی جاسکی تھی، اس بناء پرسال 2020-21 کا بتول ِ انجمن گولڈ میڈل ایوارڈ ثانیہ بنت محمد اقبال سدی باپا کو دیا گیا، اسی طرح امسال  یعنی سال 2021-22کا بتولِ انجمن گولڈ میڈل ایوارڈ ثناء شیخ بنت زبیر شیخ نے حاصل کیا۔گولڈن جوبلی تقریب کے موقع پرانجمن گرلس ہائی اسکول میں تدریسی خدمات انجام دینے والی معلمات کی بھی تہنیت کی گئی، اسی طرح گولڈن جوبلی کے لوگو کا بھی اجراء کیا گیا۔ اس دوران لوگو کی تخلیق کرنےو الی طالبہ اولیٰ بنت عبدالقیوم اکرمی کو خصوصی انعام سے بھی نوازا گیا۔بتاتے چلیں کہ انجمن گرلس ہائی اسکول کی قیام کے پچاس سال مکمل ہونے پر دو روزہ گولڈن جوبلی تقریبات منائی جارہی ہیں۔ افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کےطورپرمسلم پروفیشنلس اسوسی ایشن تمل ناڈو کی سکریٹری مہ شیرین سلطانہ نے خطاب کرتےہوئےکہا کہ تعلیم خود کو ایک بہترین انسان میں منتقل کرنے کا دوسرانام ہے۔ تعلیم ہماری انفرادی زندگی کا اندرونی حصہ ہے، اگر لڑکیاں تعلیم یافتہ ہوتی ہیں تو ہمارا معاشرہ مضبوط و مستحکم ہوتاہے۔ بچے کی شخصیت سازی میں ماں کی تربیت اور باپ کا ڈر بہت اہم رول ادا کرتاہے۔ دین ودنیا میں توازن قائم رکھتے ہوئے معتدل راہیں اپنانا تعلیم سے ہی ممکن ہے۔اعزازی مہمان کے طور پر کیرلا، کوزی کوڈ کی سرکاری میڈیکل کالج کی پروفیسرآف ڈرماٹولوجی ڈاکٹر رحیمہ نے خطاب کرتےہوئےکہا کہ میں خود انجمن گرلس کالج کی طالبہ ہوں۔ 37 سال پہلے 1985میں آپ کی طرح ایک طالبہ کے روپ میں یہاں داخل ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ زمانہ طالب علمی میں پڑھائی سے لطف حاصل کریں ۔ آج ہمارے گھروں کی دادی ، نانی ، ماں، بچے سب انجمن گرلس ہائی اسکول سے تعلیم یافتہ ہیں یہ صرف اور صرف انجمن کا ہی طفیل ہے ۔ جس پر ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری لڑکیوں کےلئے کسی منزل کو چھونا ناممکن نہیں ہے بس انہیں تھوڑی سی سہولت چاہئیے۔ انجمن زنانہ کمیٹی کی چیرمن سیما قاسمجی نے اجلاس کی صدارت کرتےہوئے گولڈن جوبلی تقریبات کا مجموعی جائزہ پیش کیا۔اجلاس کی شروعات عائشہ ثنا ادیاور کی تلاوت کلام پاک سے ہوئی ۔ ہاجرہ شفانہ ادیاور نے  نعت اورزینب تونسے اور ساتھیوں نے ترانہ ٔ انجمن پیش کیا۔ معلمہ آسیہ اے جی نے مہمانوں کا تعارف پیش کرتےہوئے استقبالیہ کلمات پیش کئے، میرمعلمہ عطیہ اے جی نے اسکول کی دوسالہ رپورٹ کی خواندگی کی ۔ معلمہ تبسم شیخ نے انجمن حامئی مسلمین بھٹکل اور انجمن گرلس ہائی اسکول کی تاریخ کی جھلکیاں پیش کیں ۔ بتول ِ انجمن کا ایوارڈ پیش کئےجانے کے بعد سال 2021 کےلئے امتیازی طالبہ کے طورپر ساجدہ بنت محمد نثار شیخ اور ماماجونی ارین بنت محمد انصارکوسلورمیڈل سے نوازا گیا۔ اسی طرح سال 2022 کےلئے امتیازی طالبات کے طورپر خیرالنساء حنین بنت فیاض احمد جوشیدی اور ضمیرہ بانو بنت محمد سلیم کو سلور میڈل سے نوازا گیا ۔ افتتاحی اجلاس میں انجمن گرلس ہائی اسکول کی معلمات اور غیر تدریسی عملےکی خدمات کاعتراف کرتے ہوئے موظف معلمات صفورہ خان، حسینہ شیخ، ششی کلا نائک، ساجدہ خان، شمیم بانو، حسینہ گوائی ، جمشیدہ جلال، مایا ڈیسوزا، فہمیدہ نسرین قاسمجی اورغیر تدریسی عملےسے سکینہ قاضی ،طاہرہ جوکاکو ،شمشاد ملا اور جعفر بھائی کی شال پوشی کرتےہوئے ان کی تہنیت کی گئی ۔ ادبی و ثقافتی مقابلوں میں شریک ہو نے والوں کے درمیان انعامات کی تقسیم عمل میں آئی ۔ معلمات عظمیٰ، عفت کھروری اور شفانہ نےنظامت کے فرائض انجام دئیے، معلمہ شفانہ ریاض نے کلمہ تشکر پیش کیا۔مہمانوں کے خطابات اور تہنیتی پروگرام کے بعد دلچسپ ثقافتی پروگرام شروع ہوا۔ گولڈن جوبلی کی کنونیر پروفیسر طالعہ معلم کی نگرانی میں پوری تقریبات انجام دی گئیں۔ ڈائس پر انجمن ڈگری کالج فارویمن کی پرنسپال رئیسہ شیخ، انجمن پی یو کالج کی پرنسپال ڈاکٹر فرزانہ فرحؔ محتشم، صادقہ قاضیا، رقیہ معلم،نجیبہ خانم، نوائط کالونی انجمن گرلس ہائی اسکول کی صدرمدرسہ صبا دامداوغیرہ موجود تھے۔