کوویڈمعاملات کے تعلق سے حکومت جھوٹ بول رہی ہے:سدرامیا

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔اپوزیشن کانگریس لیڈر سدارامیا نے وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا انتظامیہ پر الزام لگایا ہے کہ ریاست میں کووِڈ کے تازہ معاملات سے متعلق جھوٹ بولاجارہا ہے کہ متاثرین کی تعداد کم ہوگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ کووِڈ جانچ کم کردی گئی ہے، اسی لئے متاثرین کی تعداد کم ہوگئی ہے۔سابق وزیراعلیٰ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ نیشنل ہیلتھ مشن(کرناٹک) کے ڈائرکٹر ارون دتی چندر شیکھر نے25/اپریل کو ایک سرکیولر جاری کرکے کہا تھا کہ کووِڈ علامات پائے جانے والے لوگوں کے کووِڈ ٹسٹ اگلے احکامات جاری کئے جانے تک ملتوی کردئے جائیں۔اسی وجہ سے کووِڈ ٹسٹ کم کردئے گئے ہیں اور وزیراعلیٰ لوگوں سے یہ جھوٹ بول رہے ہیں کہ ریاست میں کووڈ متاثرین کی تعداد کم ہورہی ہے۔انہوں نے وزیراعلیٰ سے سوال کیا کہ یہ کس قدر خطرناک ہے۔اس کا نتیجہ کیا ہوسکتاہے۔ وزیراعلیٰ آپ کو پتہ ہے؟اس سے پہلے جاری سرکیولر کے مطابق جن لوگوں میں کووِڈ علامات پائی جاتی ہیں ان کے لئے کووڈ ٹسٹ لازمی ہے۔اگر کسی شخص کا کووڈ ٹسٹ پازیٹیو پایاگیاتو ان کے ساتھ رہنے والے تمام افراد کا کووِڈ ٹسٹ اور کوارنٹائن بھی لازمی ہے۔کووِڈ ٹسٹ کو کم کرنے یا مذکورہ سرکیولر کی بنیاد پر ملتوی کرنا بی جے پی حکومت کے فیصلہ کو سدارامیا نے احمقانہ فیصلہ قرار دیا اور کہا کہ حکومت کے اس فیصلہ سے متاثرین کی تعداد میں زیادہ اضافہ ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے پرسوں یہ دعویٰ کیا تھا کہ ریاست میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے بعد کووِڈ کیسوں میں کمی آئی ہے لیکن انہوں نے یہ نہیں کہا کہ کووڈٹسٹ بھی کم کردئے ہیں۔