بنگلورو:۔کرناٹک میں کامن سیول کوڈ قانون نافذکرنے کیلئے وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی نے مثبت رائے پیش کی ہے،اس قانون کو نافذ کرنے کیلئے ہماری حکومت پابندہے،اگلے کابینائی نشست میں فیصلہ لیاجائیگا۔اس بات کااظہار ریاستی وزیر برائے ایندھن اور کنڑاکلچرل وی سنیل کمارنے کیاہے۔انہوں نے یہاں ایک نجی پروگرام میں شرکت کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ کرناٹک میں کام سیول کوڈکو نافذکرنے کیلئے ہماری حکومت پابندہے،وزیر اعلیٰ کے فیصلے کاہم استقبال کرتے ہیں او رتائید بھی کرتے ہیں۔یہ قانون کیوں نہیں چاہیے اس پر بحث کرنے کے بجائے کیوں ہوناچاہیے اس پر متحد ہوکر غورکرتے ہوئے نافذکرنے کی ضرورت ہے۔کامن سیول کوڈکو نافذکرنے کیلئے بی جے پی کئی سالوں سے اپنی انتخابی منشورمیں واضح کرچکی ہے،اب یہ مناسب موقع ہے کہ کرناٹک میں بھی اس قانون کو بھی نافذ کردیاجائیگا۔انہوں نے منگلورومیں کوککربم دھماکے کے تعلق سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ہندوئوں کو نشانہ بناتے ہوئے یہ دہشت گردانہ کارروائی ہوئی ہے،کدری مندرکو اڑانے کیلئے سازش کی گئی ہے۔ملزم نے اپنا آدھارکارڈ بدل کر زعفرانی کپڑے پہن کر اسلامی سرگرمی کو انجام دیتے ہوئے اس کاالزام ہندوئوں پر لگانے کی کوشش کی ہے۔ایسے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور اس طرح کی کارروائیوں پر کسی کو خوش نہیں ہونے دیاجائیگا۔منگلورومیں این آئی اے دفترکے قیام کیلئے مرکزی حکومت نے تمام تیاریاں کرلی ہیں،جلدہی یہ مرکز قائم ہوجائیگا۔انہوں نے کرناٹکا مہاراشٹرسرحد پر ہورہے تنازعے پر بات کرتے ہوئے کہاکہ بلگائوی میں جو لوگ بدامنی پھیلارہے ہیں،اُن کے خلاف کارروائی ہوگی،اس طرح کی حماقتوں کوبرداشت نہیں کیاجائیگا۔زمین زبان اور پانی کے تعلق سے سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
