بیلگام:۔بیلگام سرحد سے متصل ، مہاراشٹرا کے کتواڑ فالس میں سیلفی لینے کے دوران مدرسہ میں زیر تعلیم 4طالبات توازن کھو کر غرق ہوگئیں اور اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔ واقعہ سنیچر کو پیش آیا۔ حادثے میں ایک طالبہ کو بچالیا گیا ہے، مگر اس کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔مہلوکین کی شناخت بیلگام کے اجول نگر کی مکین آسیہ مُجاور(17)، انگول کی قدسیہ حسن پٹیل (20)، جھٹ پٹ کالونی کی رخسار بھستی(20) اور تسمیہ (20) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ سبھی طالبات بیلگام کے کامت گلی میں واقع مدرسہ میں زیر تعلیم تھیں ۔ پتہ چلا ہے کہ اس مدرسے کی 40 طالبات بیلگام سےبذریعہ بس کتواڑ فالس کی سیر وتفریح کےلئے آئے تھے۔ذرائع کے مطابق کئی طالبات پانی کے کنارے کھڑےہوکر گروپ سیلفی لے رہےتھے اسی دوران توازن کھوکر پانچ طالبات پانی میں گرگئیں ۔ پانی میں گرنے والوں اور اوپر کھڑے ہونےو الوں میں سےکسی کو تیرنا نہیں آتاتھا جس کی وجہ سےغرق ہوگئیں۔ پانچ میں سے چار طالبات جائے وقوع پر ہی انتقال کرگئیں ، البتہ ایک طالبہ کو مقامی لوگ بچانے میں کامیاب ہوگئے جسے نازک حالت میں ضلعی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
