انجمنِ اسلام شیموگہ کا سالانہ جلسے کا کامیاب انعقاد

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
اگرہم ترقی وکامیابی چاہتے ہیں تو ہمیں تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنا ہوگا :محمد عاقل رضا
شیموگہ:۔انجمنِ اسلام شیموگہ کا سالانہ جلسے کا انعقاد شہرکے مسلم ہاسٹل میں منعقدکیاگیاتھا جس میں مہمانِ خصوصی کے طورپر مرکزی سُنی جامع مسجد کے خطیب وامام محمد عقیل رضا مصباحی، روزنامہ آج کاانقلاب کے چیف ایڈیٹر مدثراحمد، ہادیہ مارل اسکول ہانگل کے چیف کوآرڈینیٹر محمد جنید موجودتھے۔جلسہ میں مہمانِ خصوصی کے طورپر شریک سُنی جامع مسجدکے خطیب وامام محمد عاقل رضا مصباحی نے بات کرتے ہوئے کہاکہ علم ایک ایسی چیز ہے جس کی بنا پر انسان کو تمام مخلوقات پر فضیلت حاصل ہے، اور دین اسلام جس کا آغاز لفظ ’’ اقرأ ‘‘ سے ہوا، وہ علم کی بنا پر ہی ہواہے۔ لہذا علم کی اسی فضیلت کے پیش نظر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انسانیت کو راہ مستقیم کی رہنما‎ئی کی۔مزید انہوں نے کہا کہ بناء تعلیم کے کوئی بھی قوم کامیاب نہیں ہوسکتی،آج ہم اگر ترقی وکامیابی چاہتے ہیں تو ہمیں تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنا ہوگا اور اپنے بچوں کو دینی ودنیائوی دونوں تعلیمات سے آراستہ کرناہوگا،خاص کرتعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دینی ہوگی،اس کے علاوہ والدین کو اپنی ذمہ داری کااحساس ہوناچاہیےکہ اُن کی ذمہ داریاں کیا ہیں تاکہ وہ اپنے بچوں کی اچھی تربیت کرکے اچھے والدین ہونے کا ثبوت پیش کرسکیں۔مائوں پر خاص ذمہ داری رہتی ہے کہ مائیں اپنے بچوں کے سامنے اچھاکردارپیش کریں،تاکہ بچے اُن سے سیکھ کر کامیابی کی منزل طئے کرسکیں،کیونکہ بچے کا پہلا مدرسہ ہی ماں کی گودہوتاہے۔مزید انہو ں نے کہاکہ وقت کی اہم ضرورت یہ بھی ہے کہ نشے جیسی بُر ی لعنت جس نے ہمارے معاشرےکو بربادکردیاہے اور جس کی وجہ سے ہمارے بچوں کی زندگیاں بربادی کاشکارہورہی ہیں،ایسی بُری لعنت سے اپنے بچوں کے ساتھ ساتھ پورے سماج کو بچانا ،آج ہماری بہت بڑی قومی ذمہ داری ہے،تاکہ ہم بہترین معاشرے کا ثبوت دے سکیں۔مزید ایک مہمانِ خصوصی روزنامہ آج کاانقلاب کے چیف ایڈیٹر مدثراحمد نے بات کرتے ہوئے کہاکہ عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم کا ہونا ضروری ہے،اگر دینی تعلیم نہ تو عصری تعلیم فتنہ بن جاتی ہے،والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم سے آراستہ کریں،جن بچوں نے ناظرہ مکمل کرلیاہے وہ اس بات پر خاموش نہ بیٹھیں کہ انہوں نے قرآن کا علم حاصل کرلیاہے،یہ صرف ابتداء ہے مزید تعلیم حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر انہوں نے بتایاکہ والدین کو اپنے بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کابھی خاص خیال رکھیں ،کیونکہ تربیت کے بغیر بچوں کا علم بوجھ بن جاتاہے۔۔جلسے کی صدارت انجمنِ اسلام شیموگہ کےصدر آڈیٹر ظفرستارخان قادری نے انجام دی،اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے انجمنِ اسلام شیموگہ کی سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہاکہ سال2020جنوری کو انجمنِ اسلام شیموگہ کی بنیاد رکھی گئی تھی،انجمن کی جانب سے مختلف خدمات کو انجام دیا گیا ہے،جس میں میڈیکل کیمپس،میڈیسن (دوائیاں) کی سپلائی،راشن کی تقسیم کئے گئے ،سب سے خاص بات یہ ہے کہ انجمنِ اسلام کی جانب سے عربک مارل اسکول چلائے جارہے ہیں،ان اسکولوں کوہادیہ نیشنل ایجوکیشن کائونسل کے ماتحت منسلک کیاگیاہے،جس کے ذریعے سے طلباء کو مفت کتابیں بھی فراہم کی جارہی ہیں،ان اسکولوں میں زیر تعلیم طلباء میں 20 طلباء نے قرآن مجید کو مکمل کرلیا،بقیہ طلباء کو بھی قرآن مجیدکی تعلیم دی جارہی ہے۔آڈیٹر ظفراُللہ ستارخان نے والدین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بچوں کی صحیح رہنمائی کیلئے اساتذہ کے ساتھ ساتھ والدین کا اہم کردار رہتاہے ،کیونکہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے بچوں کی نگرانی کرنا اور انہیں غیر ضروری سرگرمیوں سے محفوظ رکھنا بھی والدین کی اہم ذمہ داریوں میں سے ہے اور وقت کی بھی اہم ضرورت ہے،لہٰذا والدین اپنے بچوں پر کڑی نظررکھتے ہوئے ان کی صحیح رہنمائی کریں۔جلسہ میں قرآن مکمل کرنے والے طلباء کو انعامات سے نوازاگیا۔اس موقع پرانجمن اسلام شیموگہ کے ذمہ دار اشفاق احمد،نوید بیگ،نذیراحمد، فاروق وی اے اور رحمت اُللہ وغیرہ موجودتھے۔